ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
جمعہ کو دمبولا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر سری لنکا کو 141 رنز کا ہدف دیا جو سری لنکا کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 19.5 اوورز میں مکمل کر لیا۔
پاکستان کی طرف سے پہلے کھیلتے ہوئے گل فیروزہ نے 25 ، منیبہ علی نے 37 ، سدرہ امین نے 10 ، نادیہ ڈار نے 23 ، علیزہ ریاض نے 16 جب کہ فاطمہ ثنا نے 23 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی طرف سے اودیشیکا پربودھنی اور کاویشا دلہری نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی طرف سے وشمی گونارتنے صفر پر بولڈ ہو گئیں جب کہ ہرشیتا سماراویکرما نے 12، کویشا دلہری نے 17، نلاکشیکا سلوا صفر، کپتان چاماری اتھا پھتو نے شاندار 63 رنز اسکور کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح حسینی پریرا نے 3، سوگنڈیکا کماری نے 10 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی طرف سے سدرہ اقبال نے سب سے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ ندا ڈار اور اومائمہ سہیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا نے اس سے قبل بنگلہ دیش، ملائیشیا اور تھائی لینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ اگرچہ پاکستان ویمنز ٹورنامنٹ کے آغاز میں بھارت سے ہار گئی تھی، لیکن انہوں نے نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف اہم فتح کے ساتھ واپسی کی تھی۔