سازشی ٹولہ سی پیک فیز ٹو منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہوگیا، احسن اقبال

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک فیز 2 منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے سازشی ٹولہ پھر سرگرم ہوگیا ہے، ہم نے 16 ماہ تک محنت کرکے چین کا اعتماد بحال کیا۔

نارووال بار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جس ملک میں امن اور استحکام نہ ہو وہ آگے نہیں بڑھ سکتا، جونہی پاکستان چین کی شراکت آگے بڑھنے لگتی ہے اسی رفتار سے بعض لوگ پاکستان میں سازش کو تیز کر دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں احسن اقبال کا دورہ چین، سی پیک کی سیکیورٹی سے متعلق اہم ملاقاتیں متوقع

انہوں نے کہاکہ ماضی میں جب سی پیک فیز ون کا اعلان ہوا تو ملک میں دھرنے شروع ہوگئے، جس کے بعد 2018 میں رجیم چینج کرکے ساری پالیسیوں کو یوٹرن کردیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں بے یقینی پیدا کرنے والے کردار چاہتے ہیں کہ پاکستان اور چین کا منصوبہ کسی طرح کامیاب نہ ہوسکے۔

احسن اقبال نے کہاکہ نارووال بار نے ہمیشہ جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھا، اسی وجہ سے وکلا میں جمہوری روایات بھی موجود ہیں جو ملکی سیاست میں دیکھنے کو نہیں ملتیں۔

یہ بھی پڑھیں پاک چین تعلقات اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے لیے کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا، سیاسی جماعتوں کی یقین دہانی

وفاقی وزیر نے کہاکہ جب بار کے الیکشن ہوتے ہیں تو وکلا آمنے سامنے ہوتے ہیں، لیکن انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد سب برادری بن کر کام کرتے ہیں، لیکن ایسی روایات ہماری ملکی سیاست میں نہیں جو بہت بڑی بدقسمتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp