جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، موجودہ حکومت اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، سراج الحق

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، حکمرانوں کی بدانتظامی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور بدامنی ہے۔

راولپنڈی میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ حکمران اپنے خاندانوں کے مستقبل کی منصوبہ بندی کرہے ہیں، قوم کا قبلہ کوئی اور جبکہ حکمرانوں کا قبلہ کوئی اور ہے۔

یہ بھی پڑھیں جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، حکومت کو پیش کیے گئے 10 مطالبات سامنے آگئے

انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمت میں اضافے نے پاکستانیوں کو پاگل کردیا ہے، صدر، وزیراعظم ہاؤس کی بجلی کاٹ دی جائے تب یہ عوام کی مانیں گے، ہر مسئلے کا حل اور علاج دھرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیسا کما کر باہر بھیجنا حکمرانوں کا ایجنڈا ہے، پارلیمنٹ میں آکر لکھ پتی بھی ارب پتی بن جاتا ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ جن لوگوں نے پاکستان بنایا ان کا خیال تھا یہاں عام کا راج ہوگا، مگر ایسا نہ ہوسکا۔ قائداعظم کو کہا گیا کہ علاج کے لیے باہر جائیں مگر انہوں نے کہاکہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں جماعتِ اسلامی دھرنا: عوام کا مقدمہ لڑ رہے، مطالبات کی منظوری تک کہیں نہیں جارہے، حافظ نعیم الرحمان

واضح رہے کہ راولپنڈی کے لیاقت آباد میں جماعت اسلامی کا مطالبات کے حق میں دھرنا جاری ہے۔ اور حکومت کو 10 مطالبات پیش کردیے ہیں۔

جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 50 فیصد رعایت دے، جبکہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp