ہوا میں بڑھتا ہوا نمی کا تناسب اور اس پر حبس کی حکمرانی، ایسے عالم میں بارش کی دعائیں کون نہیں مانگتا لیکن کیا کراچی کا موسم آج بدل جائے گا؟ یہی سوال ہے جو امید بن کر جاگتا ہے مگر امید بر نہیں آتی۔
محکمہ موسمیات نے اس ضمن میں اچھی خبر دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے، یوں تو شہر قائد میں سمندری ہوائیں جزوی طور پر معطل ہیں، تاہم بارش سے حبس ٹوٹنے اور کسی حد تک نمی میں کمی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں کی پیشگوئی، سی اے اے کا کراچی ایئر پورٹ کے لیے الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی سمت سے 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
’آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔‘
مزید پڑھیں: کراچی میں گرمی، وکیلوں نے کالا کوٹ پہننے سے استثنیٰ مانگ لیا
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار خراب ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی نویں نمبر پر آگیا، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی اپنی ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 106 پرٹیکولیٹ میٹرز کی اوسط سطح کے ساتھ تیسرے نمبر پر اپنا وجود رکھتا ہے۔