بھارتی شہر اندور کے مندر میں حادثہ، 35 افراد ہلاک

جمعہ 31 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے ایک مندر میں قائم باؤلی کی چھت گرنے سے 35 افراد ہلاک ہو گئے۔

ابتدائی پولیس رپورٹ کے مطابق اندور کے بیلیشور مہادیو مندر میں باؤلی کے زینہ کی چھت رام نومی تہوار کے موقع پر بڑی تعداد میں مندر آئے یاتریوں کا بوجھ برداشت نہ کرتے ہوئے بیٹھ گئی جس کے باعث متعدد افراد کئی فٹ گہرے کنویں میں گرگئے۔

اندور کے کلکٹر الیاراجا ٹی کے مطابق اس جان لیوا حادثہ میں مجموعی طور پر 35 شہری ہلاک جب کہ ایک لاپتہ اور 14 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ دو لوگ علاج کے بعد بحفاظت گھر واپس آ گئے ہیں۔

’18 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن جمعرات کو تقریباً 12:30 بجے شروع ہوا اور ابھی تک جاری ہے۔‘

عینی شاہدین کے مطابق رام نوامی تہوار کے موقع پر مندر میں کنکریٹ کی سلیب پر ایک ہون کیا جا رہا تھا جس کے نیچے کنویں کا زینہ تھا۔ یہی سلیب مندر کے چبوترے کے طور پر بھی کام کرتا تھا۔

’کنکریٹ کا سلیب اتنا مضبوط نہیں تھا کہ تیس چالیس افراد کا وزن سہار سکتا لہٰذا اس موقع پر جمع ہوئے بیشتر یاتری 40 فٹ گہرے زینہ والے اس کنویں میں جا گرے۔‘

ایک پرائیویٹ ٹرسٹ کے زیر انتظام بیلیشور مہادیو مندر سنہہ نگر میں واقع ہے، جو اندور شہر کی قدیم ترین رہائشی کالونیوں میں سے ایک ہے۔ یہ مندر تقریباً چار دہائیاں قبل اپنی نوعیت کی اس باؤلی کو ڈھانپنے کے بعد تعمیر کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپریل 2022 میں بلیشور مہادیو مندر کے ٹرسٹ کو میونسپلٹی کے نوٹس کے مطابق مقامی لوگوں کی شکایات پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ مندر ایک تجاوز شدہ پارک میں ایک سیڑھی پر بنایا گیا تھا۔

میونسپل اتھارٹی نے کنویں کے احاطہ کو مسمار کرنے کے لیے نشان زد کیا تھا لیکن ٹرسٹ کی جانب سے انتباہ کے بعد پیچھے ہٹ گیا کہ اس طرح کے اقدام سے مذہبی جذبات مجروح ہوں گے۔

نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلٰی مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp