پاکستان سے بہت پیار ملا، سیاستدان محبت بڑھنے نہیں دیتے، بالی ووڈ اداکار راجیو کھنڈیلوال

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راجیو کھنڈیلوال جو بھارتی فلم انڈسٹری کا ایک ابھرتا ہوا بڑا نام ہیں، نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں پرفارم کرنے پر پابندی کے خلاف سیاستدانوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرنے والے سیاستدان کون ہوتے ہیں‘۔ جو چیز دو ملکوں کے درمیان محبت اور پیار بڑھاتی ہے، اس پر پابندی لگانا انتہائی غلط ہے۔

راجیو کھنڈیلوال نے 2003-2005  تک مشہور ٹی وی ڈراما سیریل بھا’کہیں تو ہوگا‘ سے شہرت حاصل کی۔ انہوں نے نہ صرف ٹی وی میں بلکہ بالی ووڈ کی فلموں جیسے عامر، شیطان، ٹیبل اور دیگر میں بھی بہت سی یادگار پرفارمنس دیں۔ اسٹار پلس کے سنہری دور میں یہ ستارہ پاکستان میں بہت مشہور تھا۔ ان کا ڈراما ’ کہیں تو ہوگا‘  پاکستان میں بھی سپرہٹ رہا۔ انہوں نے سیریز میں مرکزی کردارادا کیا تھا اور اداکارہ آمنہ شریف کے ساتھ ان کی جوڑی کو پاکستان میں سب نے پسند کیا تھا۔

بھارت کے ابھرتے ہوئے اداکارراجیو کھنڈیلوال نے ایک پوڈ کاسٹ میں انٹرویو کے دوران بھارت میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی پرکھل کربات کی ہے۔

فنکاروں پر پابندی لگانے والے یہ سیاست دان کون ہوتے ہیں؟

انٹرویو میں راجیو کھنڈیلوال نے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں پابندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رائے دی کہ یہ سب ’سیاست‘ہے اور ایسا کرنا کسی بھی طرح سے درست نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کو پابند کرنے والے سیاستدان کون ہوتے ہیں؟۔ یہ سب کچھ ہماری سیاست کرتی ہے، ایسے حکم دیتی ہے جو پیار کو کم کر دیتے ہیں۔ ’جہاں پر پیار بڑھ سکتا ہے، اس پیار کو بھی آپ (سیاستدان) بڑھنے نہیں دے رہے۔

راجیو کھنڈیلوال نے مزید کہا کہ جہاں حقیقی امن اور ہم آہنگی پیدا ہو سکتی ہے وہاں بھی سیاسی جماعتیں اسے ہندو مسلم زاویہ دے دیتی ہیں۔ یہ صحیح نہیں ہے، ایسا قطعاً نہیں ہے کہ پاکستانی حکومت فنکاروں کو ایجنٹوں کے طور پر بھیج رہی ہے۔ میں نے پاکستانی لوگوں سے بہت پیار پایا ہے اور ان میں سچا پیار دیکھا بھی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سیاستدان ہی ہیں جو ان چیزوں پر پابندی لگا رہے ہیں جو دو قوموں کے درمیان محبت کو فروغ دیتی ہیں۔ دوسری طرف میری طرف سے اس پر تبصرہ کرنا بھی غلط سمجھا جائے گا، لیکن میں نے اس پر بات کرنی ہے کیوں کہ میں نے جو دیکھا وہی کہوں گا، مجھے تو پاکستان سے بہت پیار ملا، پاکستان پروڈیوسر و ہدایت کار ہمایوں سعید نے تو میرے ساتھ بہت ہی اچھا برتاؤ کیا اور مجھے بہت پیار دیا۔

جب ممتاز نے پاکستانی فنکاروں پرعائد پابندی ہٹانے پر زور دیا

چند ماہ قبل اپریل میں بھارتی اداکار ممتاز نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے اپنے پرانے دوست راحت فتح علی خان، غلام علی اور مقبول پاکستانی اداکار فواد خان سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے اپنے دورے کی تصاویر کا ایک سلسلہ شیئر کیا ، جس نے انٹرنیٹ پر زبردست دھوم مچا دی۔

 ایک انٹرٹینمنٹ پورٹل کوانٹرویو کے دوران جب ان سے ان کے دورہ پاکستان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی فنکاروں کو یہاں آکر کام کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کی اجازت دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp