خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں تیز بارشوں کے بعد سیلابی پانی گھر کے تہہ خانے میں داخل ہونے سے 11افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، ریسکیو حکام نے سرچ آپریشن کے دوران 11 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
ریسکیو کے مطابق افسوسناک واقعہ کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل اولڈ بازید خیل میں پیش آیا ہے۔ سیلابی ریلہ گھر کے تہہ خانے میں داخل ہوگیا جہاں گھر کے افراد سو رہے تھے۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں: مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق، راولپنڈی اسلام آباد میں رین ایمرجنسی نافذ
ریسکیو حکام نے بتایا کہ سیلابی ریلہ تہہ خانے میں داخل ہونے سے وہاں موجود افراد بہہ گئے، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
’تمام افراد گھر کے تہہ خانے میں سو رہے تھے کہ سیلابی ریلے میں ڈوب گئے‘۔
بارشوں سے بالائی اضلاع میں سیلابی صورت حال
رات گئے سے تیز بارشوں کے بعد خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق دیر، چترال اپر و لوئر میں بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں سیلاب آنے سے، جس سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔
بارشوں سے بجلی کی ترسیل بھی متاثر
تیز بارشوں سے خیبر پختونخوا میں بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے، ترجمان پیسکو کے مطابق صوبے بھر میں بارشوں کے باعث پیسکو کے 245فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں۔ پشاور سرکل میں 83، خیبر سرکل میں 64فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشیں: وزیر داخلہ کی انتظامیہ کو شہریوں کی مشکلات جلد حل کرنے کی ہدایت
ایبٹ آباد میں 21، مردان میں 21، اور سوات سرکل میں 29فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں، جبکہ صوابی میں 20 اور مانسہرہ میں8 فیڈرز متاثر ہوئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ فیڈرز پر بحالی کا کام جاری ہے۔