کراچی میں سی آئی اے پولیس کے افسروں اور اہلکاروں کی ایک اور واردات سامنے آئی ہے جنہوں نے شہری کو حراست میں لے کر بھاری رقم ہتھیا لی۔
رپورٹ کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ میں تعینات پولیس افسروں اور اہلکاروں نے اسکیم 33 کے رہائشی شہری کو حراست میں لیا اور امریکی ڈالرز میں بھاری رقم وصول کرلی، جس کے بعد اسے چھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں کراچی میں بینکوں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 4 رکنی گینگ گرفتار
ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ عدیل چانڈیو نے بتایا ہے کہ واقعہ 9 جولائی کو پیش آیا تھا، جس کا علم ہوتے ہی تحقیقات کی گئیں تو واردات میں ملوث افسروں اور اہلکاروں کی نشاندہی ہوگئی۔
انہوں نے کہاکہ اب تک اس کیس میں ڈی ایس پی سمیت 10 افسروں اور اہلکاروں کو معطل کیا جاچکا ہے۔
عدیل چانڈیو کے مطابق معطل کیے جانے والوں میں ڈی ایس پی شبیر اعوان، ایس ایچ او اختر اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شہری سے بھی رابطے کی کوششیں کررہے ہیں تاکہ واقعے کا مقدمہ اسی کی مدعیت میں درج کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں کراچی میں بھتہ خور گینگ گروہ کہاں سے آپریٹ ہوتا ہے؟
انہوں نے مزید کہاکہ رقم کس طرح اور کہاں وصول کی گئی، اس بارے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔