آزاد کشمیر میں بجلی کے بلوں میں واضح کمی، بلکہ اب تو منفی میں آنے لگے

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر میں محکمہ برقیات نے نئے ٹیرف کے مطابق بجلی کے بل جاری کیے ہیں، جس کے مطابق دیگر ٹیکسز کے خاتمے کے ساتھ لیٹ پیمنٹ سرچارج ( ایل پی ایس) بھی معاف کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: بجلی کے کم بلوں نے لوگوں کو خوشی سے نہال کردیا

حکومت کے اس اقدام سے ایسے تمام گھریلو صارفین ہزاروں روپے لیٹ پیمنٹ سرچارج ادا کرنے سے بچ گئے جنہوں نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی  ایکشن کمیٹی ( جے اے اے سی) کی کال پر بطور احتجاج 8 ماہ سے بجلی کے بلز جمع نہیں کروائے تھے، جبکہ بعض کمرشل صارفین کو لاکھوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔  واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں مقررہ تاریخ  کے بعد  بجلی  بل جمع کروانے کی صورت میں 10 فیصد ایل پی ایس ادا کرنا پڑتا ہے۔

گزشتہ سال کے آخر میں جوائنٹ عوامی  ایکشن کمیٹی ( جے اے اے سی) بجلی  صارفین کو کال دی تھی کہ اس وقت تک بجلی بل جمع نہ کروائیں جب تک آزاد کشمیر کی حکومت سستی بجلی فراہم نہیں کرتی۔ اس کال کے نتیجے میں بہت سارے لوگوں نے بجلی بل جمع نہیں کروائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر اسمبلی نے فنانس بل 2024 کی منظوری دے دی

رواں سال مئی میں سستی بجلی اور سستے آٹے کے لیے (جے اے اے سی) کے کال  پر آزاد کشمیر میں 4 روز  ہڑتال رہی اور احتجاجی مظاہرے ہوئے، جس کے بعد حکومت پاکستان کی  مداخلت پر  بجلی اور آٹے پر مزید سبسڈی دی گئی۔

اس احتجاج کے دوران 3 شہری اور ایک پولیس افسر جاں بحق ہوا، جبکہ لگ بھگ 3 سو افراد زخمی ہوئے، جن میں کم از کم 270 پولیس اہلکار اور افسر تھے۔

یہ احتجاج حکومت پاکستان کی مداخلت کے بعد ختم ہوا اور  بجلی کے نئے ٹیرف کا اطلاق  ماہ جون  سے ہوا اور جولائی سے صارفین کو نئے ٹیرف کے مطابق بجلی بل جاری کیے گئے۔

نئے بلوں میں ان صارفین کی لیٹ پیمنٹ سرچارج کو مائنس کیا گیا ہے  جنہوں نے (جے اے اے سی) کی کال پر 8 ماہ سے بجلی بل جمع نہیں کرائے تھے۔ نئے بجلی بلوں میں جس خانے میں لیٹ پیمنٹ سرچارج لکھا ہے اس کے سامنے وہ رقم لکھی گئی ہے جو 8 ماہ کا مجموعی لیٹ پیمنٹ سرچارج ہے۔ اس رقم کو 8 ماہ کے مجموعی بجلی بل سے مائنس کیا گیا ہے اور وہ ادا نہیں کرنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: عوامی احتجاج رنگ لے آیا، آٹے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

مثال کے طور پر ایک صارف کے مجموعی بجلی بل سے 25 ہزار  لیٹ پیمنٹ سرچارج مائنس کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے صارف کے436 روپے مائنس کیے گیے ہیں۔ جن صارفین نے 8 ماہ بجلی بل جمع نہیں کیے تھے ان کو لیٹ پیمنٹ سرچارج کے بغیر  12 اقساط میں بقایا جات ادا کرنے ہوں گے۔

 کئی صارفین کا کہنا ہی کہ یہ حکومت کا اہم اقدام ہے ورنہ صارفین کو 8 ماہ کے ہر بل کے ساتھ 10 فیصد لیٹ پیمنٹ سرچاج ادا کرنا پڑتا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بہت سارے ایسے لوگ ہیں جو یہ  رقم ادا نہیں کر پاتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp