خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر چترال کے سیاحتی علاقے وادی کیلاش میں نالے سے لکڑیاں نکالنے کے دوران تکرار پر ایک شخص کو قتل کردیا گیا، جس کے بعد ملزمان نے افغانستان فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
لوئر چترال پولیس نے بتایا کہ تھانہ رومبور کی حدود میں مقامی افراد سیلابی ریلے سے لکڑیاں کو نکال رہے تھے کہ اس دوران لکڑیوں پر 3 افراد میں تکرار ہوئی جو لڑائی میں بدل گئی۔
یہ بھی پڑھیں لکی مروت:فائرنگ کے اندوہناک واقعہ میں ایک ہی خاندان کے 11افراد قتل
پولیس نے بتایا کہ سیلابی ندی میں لکڑیاں جمع کرنے کے تنازع پر 2 افراد نے ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا، اور پتھر مار کر شدید زخمی کر دیا جس کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زخمی شخص بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔
ملزمان کی افغانستان فرار ہونے کی کوشش ناکام
چترال پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ان کی تلاش شروع کی، اور اس دوران مبینہ ملزمان کی شناخت مطیع اللہ اور محمد قاسم کے ناموں سے ہوئی جو کیلاش وادی کے علاقے شیخان دیہہ کے رہائشی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان مقامی شخص کے قتل کے بعد افغانستان فرار ہونے کی کوشش میں پاک افغان سرحد کے قریب پہنچے تھے، جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں کوہستان: ایک اور ویڈیو اسکینڈل، غیرت کے نام پر ایک اور لڑکی کا قتل
پولیس کے مطابق ملزمان نے بتایا ہے کہ نالے سے لکڑیاں جمع کرنے کے دوران لڑائی ہوئی تھی اور اس دوران ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔