انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ اور ٹی20 کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کردی ہے، جس کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی جبکہ ٹی20 میں تنزلی ہوئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری رینکنگ کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے بیٹر جوروٹ پہلے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے بیٹر کین ولیمسن ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں آئی سی سی رینکنگ: بابر اعظم کی ون ڈے میں بادشاہت برقرار، ٹی ٹوئنٹی میں تنزلی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں ایک درجہ ترقی ہوئی ہے اور تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کی چوتھی پوزیشن ہے۔
اس کے علاوہ اسٹیو اسمتھ اور روہت شرما کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ پانچویں اور چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں روی چندرن ایشون بدستور پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ جوش ہیزل ووڈ کی دوسری اور جسپریت بمرا کی تیسری پوزیشن ہے۔
اسی طرح ٹیسٹ آل راؤنڈر رینکنگ میں بھارتی بیٹر رویندرا جڈیجا بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹی20 رینکنگ میں آسڑیلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان
دوسری جانب ٹی20 رینکنگ میں آسڑیلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، جبکہ پاکستانی کپتان بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو کی دوسری، فل سالٹ کی تیسری جبکہ یشسوی جیسوال کی چوتھی پوزیشن ہے، اس کے علاوہ قومی بیٹر محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر چلے گئے۔
یہ بھی پڑھیں آئی سی سی رینکنگ: شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کے نمبر ون بولر بن گئے
ٹی20 آل راؤنڈر رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس نے پہلے نمبر پر قبضہ جما لیا، جبکہ سکندر رضا ایک درجہ بہتر کے بعد دوسری اور شکیب الحسن تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔
اس کے علاوہ سری لنکا کے وانندر ہسارانگا 2 درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔