فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اعلان کیا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا جواب دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہید رہنما کی زندگی دین اسلام اور ملک کے لیے وقف تھی۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس کے رہنما خلیل حیہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اسماعیل ہنیہ نے پوری زندگی مختلف ممالک میں گزاری اور وہ نامساعد حالات سے گزرے۔
یہ بھی پڑھیں اسماعیل ہنیہ کون تھے اور اسرائیل کے لیے خوف کی علامت کیوں سمجھے جاتے تھے؟
انہوں نے کہاکہ حماس کا عسکری ونگ القسام بریگیڈز اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ ضرور لے گا۔
خلیل حیہ نے کہاکہ اسماعیل ہنیہ ایران میں کسی خفیہ مقام پر نہیں تھے اس لیے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ حملہ کرنے والوں کی انٹیلی جنس کامیابی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت میزائل لگنے سے ہوئی، ابھی ہمیں ان کی موت کے حوالے سے تحقیقات کے مکمل نتائج کا انتظار ہے۔
حماس رہنما نے کہاکہ اسرائیل کی کارروائیاں پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں، اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے تحریک مزاحمت کا قافلہ رکے گا نہیں بلکہ سفر جاری رہے گا۔
واضح رہے حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ ایران میں اسرائیل کے میزائل حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں والد کی شہادت پر سر فخر سے بلند، قیادت کے قتل سے مزاحمت ختم نہیں ہوگی، اسماعیل ہنیہ شہید کے بیٹے کا ردعمل
اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر جہاں ایران نے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے، وہیں ان کے بیٹے نے کہا ہے کہ مجھے والد کی شہادت پر فخر ہے، قائدین کے قتل سے مزاحمت ختم نہیں ہوگی۔