راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے شہید رہنما اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پڑھائی، جبکہ فلسطینی سفارتخانے کے وفد نے بھی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں والد کی شہادت پر سر فخر سے بلند، قیادت کے قتل سے مزاحمت ختم نہیں ہوگی، اسماعیل ہنیہ شہید کے بیٹے کا ردعمل
اس کے علاوہ ملک کے مختلف دیگر شہروں میں بھی اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔
اسماعیل ہنیہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے آئیڈیل ہیں، امیر جماعت اسلامی
راولپنڈی میں اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ انشااللہ فلسطین آزاد ہوگا اور اسرائیل برباد ہوکر رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ حماس کی طاقت ان کا نظم و ضبط ہے، آج دنیا بھر کے با ضمیر انسانوں کے لیے حماس ایک رول ماڈل ہے، جبکہ اسماعیل ہنیہ پوری دنیا کے لوگوں کے آئیڈیل ہیں۔
’اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فلسطینیوں کی تحریک آزادی دبائی نہیں جاسکتی‘
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے فلسطینیوں کی تحریک آزادی دبائی نہیں جاسکتی، اسرائیل حماس کو ختم نہیں کرسکتا اس لیے سویلیننز کو نشانہ بنارہا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان حکمرانوں کی طرف سے آج بھی کوئی مزاحمت نظر نہیں آرہی، ہم 3 اگست کو فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔
واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران میں اسرائیل کی جانب سے ایک میزائل حملے میں شہید کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں اسرائیل پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ، اسماعیل ہنیہ کے خون کا بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، حماس
حماس نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر کہا ہے کہ ہم بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔