اپر چترال: سیلاب سے پورا گاؤں تباہ، 2 ہلاکتیں

بدھ 31 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال کے دور افتادہ علاقے میں سیلاب نے تباہ مچا دی ہے جس سے پورا ایک گاؤں شدید متاثر ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے چترال میں اونچے درجے کا سیلاب، درجنوں مکانات، رابطہ سڑکیں اور پل بہہ گئے

ریسکیو اور مقامی افراد کے مطابق اپر چترال کے دورافتادہ گاؤں تورکھو سوریچ میں اچانک سیلاب آگیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد بہہ کر جاں بحق ہو گئے۔ مقامی افراد نے مرنے والے دونوں افراد کی لاشیں نکال لیں۔

مزید پڑھیے: کاغان: سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں سیاح پھنس گئے، ہوٹل مالکان نے مفت رہائش کی پیشکش کردی

مقامی افراد نے بتایا کہ سیلاب 43 گھرمکمل تباہ جبکہ 42 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے فورا بعد مقامی رضاکار پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے پھنسے افراد کو محفوظ مقامات منتقل کیا۔

فصلیں و باغات شدید متاثر

سیلاب کی وجہ سے کھڑی فصلوں، باغات اور جنگلات کو نقصان پہنچا ہے۔ مقامی ناظم شیر بہادر نے بتایا سیلاب سے پورا گاؤں متاثر ہوا ہے اور 80 فیصد سے زائد حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔

ناظم نے بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر پورا گاؤں سوگوار ہے جبکہ موسم کی خرابی کے باعث مزید سیلاب کا بھی خدشہ ہے جس سے متاثریں خوف کی حالت میں ہیں۔

سیلاب سے اپر چترال میں سڑکیں بند

سیلاب کے باعث اپر چترال زندگی انتہائی متاثر ہے اور سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔

پولیس کے مطابق بونی چترال روڈ کئی مقامات پر بند ہے جس سے ٹریفک معطل ہوچکی ہے اور لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

اسکول کی تعطیلات میں اضافہ

بارشوں اور سیلاب کے باعث ضلعی انتظامیہ نے موسم گرما کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا ہے اور اسکول اب 3 اگست تک بند رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp