کراچی میں کئی نجی اسکولوں نے محکمہ تعلیم کے احکامات ہوا میں اڑاتے ہوئے یکم اگست سے ہی اپنے اسکول کھول دیے ہیں۔
محکمہ تعلیم سندھ نے موسم گرما کی تعطیلات میں 14 روز کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد تعلیمی ادارے 15 اگست کو کھلنے تھے، تاہم کراچی کے نجی اسکولوں نے محکمہ تعلیم کے احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے یکم اگست سے ہی اپنے اسکول کھول دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہیٹ ویو کا خدشہ، پنجاب کے اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات سے قبل کتنی اضافی چھٹیاں ہوں گی؟
’اسکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی‘
رجسٹرار پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسررفعیہ ملاح نے اس صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم اسکول خواندگی حکومت سندھ نے مورخہ 23 جولائی کو اپنے نوٹیفکیشن میں یہ احکامات دیے تھے کہ سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولز موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے 14 اگست تک بند رہیں گے۔
پروفیسررفعیہ ملاح نے تمام نجی اسکولوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکولز 14 اگست تک تعلیمی سرگرمیوں کے لیے بند رکھیں، حکم کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔