پاکستان کا چینی شہریوں کو 14 اگست سے مفت ویزا فراہم کرنے کا اعلان

جمعرات 1 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف نے 14 اگست سے چینی شہریوں کے لیے مفت ویزا فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی دوستی کو بلندیوں پر لے جانے کے اپنے عزم پر قائم ہے، ہم چین کے ماڈل پر ایک چھوٹی ریاست بننا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے والے اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے: وزیر اعظم

جمعرات کو چینی وفد کے ساتھ ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی وفد کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، چین اور پاکستان دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان میں آپ کا خیر مقدم کرکے خوشی ہو رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چینی وفد کا دورہ پاکستان انتہائی تسلی بخش ہے ہمیں پوری امید ہے کہ یہ دورہ پاکستان کے لیے بہت مفید اور نتیجہ خیز ثابت ہوگا اور صنعت، زراعت، خاص طور پر اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہمارے دوطرفہ انتظامات کو فروغ ملے گا، زراعت کے شعبے میں تعاون ایسی چیزوں کی زیادہ پیداوار کی ہماری صلاحیت کو فروغ دے گا جن کی چین میں بہت زیادہ مانگ ہے۔

مزید پڑھیں:پاک چین دوستی: ’سی پیک کے تحت پاکستان میں بے مثال تعمیر و ترقی‘

 انہوں نے کہا کہ ہم زراعت سے متعلق اشیا چین کو برآمد کر سکتے ہیں، معیار کے لحاظ سے چینی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں اور ہر لحاظ سے چین کی طلب کو پورا کر سکتے ہیں اور مختلف وجوہات کی بنا پر چین سے کانوں اور معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایکسپورٹ زونز، صنعتی زونز سے متعلق صنعت کو چین سے پاکستان بھی منتقل کر سکتے ہیں۔

چین کی اعلیٰ سطح کے جدید صنعتی منصوبوں میں صنعتی تعاون وقت کی ضرورت ہے  اور اگر اسے پاکستان میں منتقل کیا جا سکتا ہے تو جوائنٹ وینچرز اور جوائنٹ کارپوریشنز کے حوالے سے یہ صلاحیت ہماری بڑی جیت ہو گی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ میں ایک بار پھر اپنی، اپنی حکومت اور پاکستان کے عوام کی طرف سے گہرے دکھ کا اظہار کرنا چاہوں گا۔ چند ماہ قبل بشام میں چینی شہریوں کو قتل کیا گیا جس کے بعد ہم نے پورے پاکستان میں اپنے چینی بھائیوں اور بہنوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بہت سخت اقدامات کیے ہیں اوراس سلسلے میں ہمارے وزیر داخلہ اور چین کے وزیرآزرین بڈا پہلے ہی اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر چکے ہیں تاکہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی کی دوبارہ کوئی خلاف ورزی نہ ہو۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بشام میں شرپسندوں اور دہشتگردوں کے اس گھناؤنے فعل کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان سب کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ملک کے قانون کے مطابق انہیں مثالی سزا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور چین کی بے مثال دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری، شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کی ہیں جن میں وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نیکٹا شامل ہیں۔ آج، میں جانتا ہوں کہ وزیر داخلہ پہلے ہی آپ کے ساتھ ایک ملاقات کر چکے ہیں اور آپ کو ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی ہے کہ ہم نے کیا اقدامات کیے ہیں اور اس سلسلے میں مزید کیا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ، جیسا کہ میں نے پہلے کہا کہ کبھی بھی، کوئی بھی ہمارے چینی بھائیوں اور بہنوں کو میلی آنکھ سے نہ دیکھے یا انہیں نقصان نہ پہنچائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میری کابینہ کے آخری اجلاس کے دوران، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ چینی شہریوں کو درکار ویزے اس ماہ 14 اگست سے مفت فراہم کیے جائیں گے۔ کوئی چارج کی ضرورت نہیں ہوگی، لہٰذا یہ ایک بار پھر ہماری دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان ہماری دوستی میں ہماری طرف سے ایک چھوٹا سا تحفہ ہے اور حقیقت میں یہ دوستی ہمالیہ سے اونچی اور گہرے سمندر سے بھی گہری ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، نگراں وزیر اطلاعات

وزیر اعظم نے کہا کہ اب جب سے ہم نے مدار میں سیٹلائٹ لانچ کیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ یہ دوستی اب آسمان کو بھی چھو رہی ہے۔ جب میں نے صدر شی جن پنگ سے درخواست کی کہ ان کے پاس چین کے ماہرین ہوں جو پاکستانی ہم منصبوں کو علم اور تجربہ فراہم کر سکیں۔ میں نے کہا کہ صدر شی پنگ!، ہم ایک چھوٹا سا ترقی پسند چین بننا چاہتے ہیں اور وہ مسکرا دیے۔ میں نے کہا کہ میرا وژن یہی ہے کہ ہم پاکستان کی معیشت کو تبدیل کریں اور اس کے لیے چینی ماڈل کی نقل کریں اور آج، یہ ماہرین یہاں اور آپ کے ساتھ بیٹھے ہیں، مجھے یقین ہے کہ اب ہم بہت جلد اس راستے پر چلنے والے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے وانگ فوکانگ کی سربراہی میں چین کے 12 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزرا سید محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل کے ساتھ ساتھ چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp