فیفا ورلڈکپ کے لیے سعودی عرب کی بولی میں کیا کیا پیشکش ہے؟

جمعہ 2 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فٹبال ورلڈ کپ 2034 کے اب تک کے سب سے بڑے ایڈیشن کی میزبانی کے لیے سعودی عرب نے اسٹیڈیمز کی تعمیر کے لیے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں سعودی عرب نے سرکاری بولی میں 5 شہروں کو میزبانی کے لیے پیش کیا ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کے لیے 15 اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے لیے انہوں نے جن شہروں کا انتخاب کیا ہے، ان میں ریاض، جدہ، الخوبر، ابھا اور نیوم شامل ہیں۔ افتتاحی اور اختتامی میچ ریاض کے کنگ سلمان اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

مزید پڑھیں: 2034 کے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی، سعودی عرب نے نامزدگی فائل پیش کردی

فیڈریشن آف انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن (فیفا) کو دی گئی بولی کی تجاویز کے مطابق مذکورہ 5شہروں میں 15 جدید اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ 4پرانے اسٹیڈیمز کے ساتھ 11 نئے اسٹیڈیمز بنائے جائیں گے، جہاں 48 ٹیموں کے درمیان مقابلے منعقد کرائے جائیں گے۔

اس موقع پر سعودی وزیر کھیل اور سعودی اولمپک اور پیرالمپکس کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا کہ ہم مل کر فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے سعودی عرب کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو نے بھی سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر بولی سے متعلق پروموشنل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ سعودی بولی دنیا کو دعوت دیتی ہے کہ وہ عالمی کھیل کے گھر کے طور پر نمایاں تبدیلی کے ہمارے سفر میں ہمارے ساتھ شامل ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: فٹبال میچوں کے شیڈول میں نماز کے اوقات کا خیال رکھا جائے، شہزادہ محمد بن سلمان کی سعودی وزیر کھیل کو ہدایت

واضح رہے اسٹیڈیمز کی تعمیر کے علاوہ میزبانی کے منصوبے میں تربیتی کیمپوں کے لیے 10 دیگر مقامات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے پاس 5میزبان شہروں میں فیفا کی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے 2لاکھ 30ہزار کمرے ہوں گے۔ 15 شہروں میں کل 132 تربیتی مقامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں بیس کیمپ ٹریننگ سائٹس کے لیے 72 اسٹیڈیم شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp