وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کا اچانک دورہ کیا ہے اور ڈیوٹی سے غائب اہلکاروں اور تھانے کی حالت زار پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وزیر داخلہ محسن نقوی بغیر اطلاع تھانہ کھنہ پہنچے تو تفتیشی افسران کمرے سے غائب اور سائلین موجود جبکہ ڈیوٹی پر موجود سب انسپکٹر کسی بات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس میں بھرتیاں، ٹوٹی چپل پہن کر دوڑ میں شامل نوجوان کو ڈی آئی جی نے دفتر بلا لیا
تھانے کے ایک اور کمرے میں 2 نشئی سوئے ہوئے تھے جبکہ فرنٹ ڈیسک روم سگریٹ کی بو پھیلی ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں، تھانے کے اندر 1500 موٹرسائیکلیں اور کئی گاڑیاں کھڑی تھیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تھانے کی حالت زار دیکھ کر ناراضگی کا اظہار، اپنے دورہ کے دوران انہوں نے حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئر پورٹ پر گمشدہ قیمتی زیورات مسافر کو کیسے واپس ملے؟
محسن نقوی نے غلط جگہ ریڑھی لگانے والے 4 افراد کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرکے چھوڑنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ تھانے میں اتنی زیادہ موٹرسائیکلز کھڑی کرنے کا کوئی جواز نہیں، موٹرسائیکلز جن شہریوں کی ہیں، ان کے حوالے کی جائیں۔
وزیرداخلہ نے پولیس حکام کو سائلین کی بلاتاخیر دادرسی کا حکم دیا اور کہا کہ سائلین کو بلاوجہ انتظار کرانا کسی صورت برداشت نہیں۔ اس دورہ میں چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔