جانبداری اور بے ضابطگیوں کے الزامات کیساتھ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف ریفرنس دائر

ہفتہ 3 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انتخابی بے ضابطگیوں کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور دیگر ممبران کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن کے خلاف ریفرنس 430 صفحات پر مشتمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف ریفرنس دائر، برطرفی کا مطالبہ

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلف احمد خان بھچر نے ریفرنس میں مؤقف اپنایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حوالے سے جانبداری کا رویہ اپنایا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور ممبران نے ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کیا۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات کی شفافیت پر دنیا بھر میں سوالات اٹھائے گئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

احمد خان بھچر نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ سکندر سلطان راجا اور دیگر ممبران کو کام کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

یاد رہے کہ 27 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف نے بطور جماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دیگر ممبران کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرلیا تھا۔

تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے شکایت دائر کی ہے جس میں انتخابات سے قبل اور بعد کے واقعات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔

شکایت میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کی آئینی ذمے داری ادا کرنے میں ناکام رہا، پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکالا گیا تھا، پی ٹی آئی امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، کارکنان کواغوا کیا گیا

تحریک انصاف کی جانب سے یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نتائج جاری کرنے میں بھی ناکام رہا تھا، پری پول دھاندلی پر آنکھیں بند کیے رکھیں، فارم 45 کی فراہمی بھی بروقت نہیں کی گئی، الیکشن کمیشن نے نہ صرف پی ٹی آئی کوانتخابات سے باہر کیا بلکہ مخصوص نشستیں بھی چھین لیں تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp