وی نیوز عرب ڈیسک کے سربراہ ڈاکٹر طلحہ نے اسلام آباد ہیڈ آفس میں ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خصوصی نوعیت کے حامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم خلیجی ممالک کی بات کرتے ہیں تو اس میں 6 ممالک آتے ہیں۔ ان سب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی نوعیت بہت اچھی ہے مگر سعودی عرب کے ساتھ یہ اس سے بڑھ کر ہے۔ اس وقت لگ بھگ 2 ملین کے قریب پاکستانی سعودی عرب میں ملازمتیں سر انجام دے رہے ہیں، جو بیرون ملک پاکستانیوں کی دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تعداد ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے تعلقات مسلمانان برصغیر کے ساتھ تقسیم ہند سے پہلے کے ہیں، اور علامہ اقبال بھی سعودی کردار کے معترف رہے ہیں۔
پاکستانیوں کی دوسری بڑی تعداد متحدہ عرب امارات میں ہے۔ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے کام آیا ہے، اور آنے والے دنوں میں ان تعلقات میں مزید بہتری اور اضافہ ہو رہا ہے۔