پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ پہلی بار خواتین کرکٹرز کے لیے اوپن ٹرائلز کا آغاز پاکستان کے دور افتادہ شمالی گاؤں سوسٹ میں منعقد کرے گا، یہ اقدام دور دراز علاقوں میں خواتین کے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کے بورڈ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کے 14 بڑے شہروں میں سے پی سی بی پہلی بار خواتین کرکٹ ٹرائلز کی میزبانی گلگت بلتستان کے شمالی علاقے سوسٹ ویلی میں کرے گا جس کا مقصد ملک کے دور دراز علاقوں میں خواتین کرکٹرز کا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے۔
بیان میں پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹرائلز 2 مرحلوں میں ہوں گے، پہلے مرحلے میں گلگت، ہنزہ اور سوست ریجنز میں 5 سے 7 اگست تک ٹرائلز ہوں گے جبکہ دوسرا مرحلہ 21 اگست سے شروع ہو کر 3 ستمبر تک جاری رہے گا۔
ٹرائلز کے کسی بھی مرحلے کے دوران بارش کی صورت میں متعلقہ شہر کے ٹرائلز 4 سے 5 ستمبر کے درمیان ہی منعقد کیے جائیں گے۔
پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ سابق انٹرنیشنل کرکٹرز اسد شفیق اور بتول فاطمہ خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی کی رکن ہیں اور وہ ملک بھر میں ٹرائلز منعقد کریں گی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹرائل میں انڈر 19 اور ایمرجنگ کی 2 کیٹیگریز شامل ہوں گی جن میں یکم ستمبر 2005 یا اس کے بعد پیدا ہونے والی کھلاڑی انڈر 19 ٹرائلز کے لیے اہل ہوں گی۔
ادھر اسد شفیق نے ایک بیان میں کہا کہ ان ٹرائلز سے سلیکٹرز کو خواتین کرکٹرز کی اگلی ٹیم کو تلاش کرنے اور تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ملک کے کونے کونے سے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کا مناسب موقع ملے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکشن کے عمل سے گزرنے کے بعد خواتین ڈومیسٹک ٹیموں میں نمائندگی کرسکیں گی جس سے وہ مستقبل میں قومی ٹیموں کے لیے بھی کھیل سکیں گی۔
بتول فاطمہ نے اوپن ٹرائلز کو نوجوان ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کی کوششوں میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے تمام والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو ملک گیر سلیکشن ٹرائلز میں حصہ لینے میں مدد دے کر ان کے کرکٹ کھیلنے کے خوابوں کو پورا کرنے میں ان کی مدد کریں۔
ٹرائلز کا شیڈول
5 اگست بمقام پبلک اسکولز اور کالجز، گلگت میں لڑکیوں کی کرکٹ کے لیے کرکٹ گراؤنڈ، سلیکٹرز اسد شفیق اور بتول فاطمہ ہوں گے۔
6 اگست بمقام بوائز ڈگری کالج گراؤنڈ، ہنزہ، سلیکٹرز اسد شفیق اور بتول فاطمہ
7 اگست بمقام سوست ویلی، حسین آباد کرکٹ گراؤنڈ، ہنزہ، سلیکٹرز، اسد شفیق اور بتول فاطمہ
دوسرا مرحلہ
21 اگست بمقام حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر، کراچی، سلیکٹر اسد شفیق ہوں گے
22 اگست بمقام جناح اسٹیڈیم، گوجرانوالہ، سلیکٹر اسد شفیق ہوں گے
23 اگست بمقام کریسنٹ کرکٹ گراؤنڈ، سیالکوٹ، سلیکٹر اسد شفیق
26 اگست بمقام ایل سی سی اے، لاہور، سلیکٹرز اسد شفیق اور بتول فاطمہ ہوں گے
27 اگست بمقام سعید اجمل اکیڈمی، فیصل آباد، سلیکٹرز بتول فاطمہ: بمقام قیوم اسٹیڈیم، پشاور،سلیکٹر اسد شفیق
28 اگست بمقام مردان اسپورٹس کمپلیکس، مردان سلیکٹر اسد شفیق
29 اگست بمقام ایبٹ آباد اسٹیڈیم، ایبٹ آباد، سلیکٹر اسد شفیق، بمقام بگٹی اسٹیڈیم، کوئٹہ سلیکٹر بتول فاطمہ
30 اگست بمقام وقار النسا کالج، راولپنڈی، سلیکٹر اسد شفیق
2 ستمبر بمقام انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر، ملتان، سلیکٹر بتول فاطمہ
3 ستمبر بمقام ویمن اسپورٹس اسٹیڈیم، بہاولپور، سلیکٹر بتول فاطمہ