قوم کی امیدوں کو نہیں توڑیں گے، دھرنا جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت قرضہ لے کر بھی ان آئی پی پیز سے جان چھڑوا سکتی ہے، جماعت اسلامی قوم کی امیدوں کو نہیں توڑے گی اور اپنا دھرنا جاری رکھے گی۔ عوام ہر صورت یہی چاہتی ہے کہ یہ مسئلہ کم ہو اور بجلی کے بل کم ہو جائیں۔

راولپنڈی میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر جعل سازی ہورہی ہو اور چند لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہو تو اس سب کا خمیازہ عوام کیوں بھگتے، سب سے پہلے تو ان افسران کو پکڑا جائے جنہوں نے 1994 میں آئی پی پیز معاہدے کیے۔

مزید پڑھیں: حکمران ہوش کے ناخن لیں، ایسا نہ ہو ہم بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی اپیل کردیں، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کیپیسٹی پیمنٹ کا تعین کیا جائے، اور جائز بنیادوں پر لاگو کیا جانا چاہیے، ہم کیپیسٹی پیمنٹ اور غیر ضروری ٹیکس ہرگز ادا نہیں کریں گے۔

’ایک طرف آپ کہتے ہیں کہ آئی پی پیز کے معاہدوں میں دوبارہ نظر ثانی نہیں کی جا سکتی، اور آپ ریکوڈک کی مثال دیتے ہیں جو کہ غلط ہے، اس میں بھی تو نظرثانی کی گئی اور وہی کمپنی دوبارہ کام کررہی ہے‘۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ایران بھی گیس پائپ لائن معاہدے پر کہتا ہے کہ پاکستان پر 18 بلین ڈالرز کی پنیلٹی لگ سکتی ہے، کبھی کسی وزیر اعظم یا وزیر خزانہ نے اس بارے میں بات کی ہے یا قوم کو ڈرایا ہے؟ یہ امریکا کے ڈر سے بات ہی نہیں کرتے ہیں، جبکہ اس میں فائدہ ہی فائدہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم 1300 سی سی گاڑی استعمال کریں تو اس میں کیا پریشانی ہے؟ حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ سے گیس بحران کا سامنا ہے، باہر سے مہنگی گیس خریدتے ہیں جو بامشکل ہی ضروریات کو پورا کرتی ہے۔ لیکن ہم ایران کے ساتھ کیے گئے گیس پائپ لائن کے معاہدے پر کوئی پیش رفت ہی نہیں دکھاتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp