عمران خان کا جیل میں ایک سال مکمل، کیا پی ٹی آئی صوابی جلسے میں احتجاجی تحریک کا اعلان کرے گی؟

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا جیل میں ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پی ٹی آئی صوابی میں پاور شو کرنے جا رہی ہے، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بھی رات گئے صوابی جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لینے شاہ منصور ٹاؤن پہنچ گئے تھے۔

کیا پی ٹی آئی احتجاجی تحریک شروع کررہی ہے؟

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز صوابی جلسہ گاہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ آج ہونے والے جلسے میں اسلام آباد میں جلسے کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ پی ٹی آئی کے مطابق بانی لیڈر کے جیل میں ایک سال مکمل ہونے پر ہونے والے جلسے میں صوبے بھر سے کارکنان شرکت کریں گے اور یہ تاریخی جلسہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: ملک اور اداروں کو کمزور نہیں دیکھنا چاہتے، پاکستان کے مستقبل کے لیے احتیاط سے فیصلے کرنا ہوں گے، اسد قیصر

پارٹی کے ایک صوبائی رہنما نے بتایا کہ پارٹی میں کافی عرصے سے پارٹی لیڈر کی رہائی کے لیے تحریک چلانے پر بات چل رہی ہے۔ تاہم، پارٹی اس معاملے پر کچھ حد تک اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔ ان کے مطابق کچھ مرکزی رہنما احتجاجی سیاست کی مخالفت کر رہے ہیں اور معاملہ عمران خان پر ڈال کر احتجاج نہ کرنے کی ہدایت کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی سطح پر ایک ایکشن کمیٹی بھی بنی ہے، لیکن وہ بھی غیر فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان احتجاج کے لیے تیار بھی ہیں اور پر امید بھی ہیں کہ علی امین آج ہونے والے جلسے میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کریں گے۔

گزشتہ روز پشاور میں میڈیا سے بات چیت میں پارٹی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ارباب شیر نے بھی موقف اپنایا تھا کہ عمران خان نے احتجاج انتظامیہ کی این او سی سے مشروط کیا ہے اور این او سی کے بغیر احتجاج نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

احتجاج جعلی حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات صوبائی حکومت بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوابی جلسے میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں آج اعلان جمہوریت ہوگا، علی امین گنڈاپور کی سر براہی میں آج کا جلسہ فارم 47 حکومت کے خلاف اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ آج جعلی فارم 47 حکومت کے خلاف ریفرنڈم کا دن ہے، جعلی حکومت کی پہلی اور آخری دونوں رسومات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ادا کریں گے۔

’جعلی حکومت کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائیگا، عوام جلسے میں بڑی تعداد میں شرکت کرکے جعلی سلطنت کا خاتمہ یقینی بنائیں‘۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے بغیر ملکی ترقی ناممکن ہے، عمران خان کو اقتدار میں لاکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، حقیقی آزادی، آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیے عوام صوابی جلسے میں شرکت کرکے مینڈیٹ چوروں کا دھڑن تختہ کرنے میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: فوج سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ہم نے ادارے پر الزامات نہیں تنقید کی تھی، عمران خان

’فارم 47 حکومت نے ملک کو دیوالیہ کیا ہے، ن لیگ جعلی مینڈیٹ سے اقتدار پر قابض ہوکر ملک کا بیڑا غرق کرگئی ہے، ن لیگ نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں میں دھکیلا ہے اور معیشت کو تباہ کرکے ملک آئی ایم ایف کے رحم کرم پر چھوڑا ہے‘۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے آئی پی پیز کو چھوٹ دے کر عوام پرمسلط کردیا ہے، بجلی کے زیادہ بلز کی وجہ سے عوام خودکشیاں کررہے ہیں، مینڈیٹ چور سرکار کے پاس دہشتگردی کی روک تھام کے لیے کوئی پلان نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنا ن لیگ کی بس کی بات نہیں، مینڈیٹ چوروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے الیکشن واحد حل ہے، پی ٹی آئی ملک میں حقیقی آزادی، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp