جموں و کشمیر پر بلاجواز بھارتی تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے، عطا تارڑ

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، حکومت پاکستان اس حق کے ساتھ کھڑی ہے اور جموں و کشمیر پر بھارت کے بلاجواز تسلط کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور و کشمیر گلگت بلتستان انجینیئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھائے گئے، جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت فوری طور پر کشمیر میں رائے شماری کرانے کا اعلان کرے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار

پریس کانفرنس کے دوران ایک ڈاکیومنٹری دکھائی گئی جس میں لائن آف کنٹرول کے پار بسنے والے کشمیریوں کے انٹرویوز بھی شامل تھے۔ مذکورہ کشمیریوں کی شناخت کو چھپانے کے ڈاکیومنٹری میں ان کے چہرے مخفی رکھے گئے تھے۔

ان انٹرویوز میں کشمیری عوام نے بھارتی مظالم کا اور پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور رشتے کا ذکر کیا۔ انٹرویو دینے والے افراد نے کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جب تک یہاں بھارت کا ایک بھی فوجی موجود ہے، کشمیری کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم استحصال کشمیر: افواج پاکستان کا کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ

وفاقی وزیر عطا تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جن میں غیرقانونی گرفتاریاں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات ہیں جن میں کشمیریوں کو فیئر ٹرائل کا حق نہیں دیا جاتا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہمیشہ نہ صرف اس کی مذمت کی بلکہ اعادہ کیا کہ ہم کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے گزشتہ دور حکومت میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس حوالے سے قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم استحصال : اہل کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے نغمہ جاری

عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان کا مؤقف ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیرقانونی تسلط ختم ہونا چاہیے اور وہاں کے لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق اور کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہونی چاہیے، نہتے مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم و جبر ایک دن ختم ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں پر محیط قربانیوں کی داستان ہے جہاں نہتے نوجوان، بزرگوں، خواتین اور بچوں نے قربانیاں دی ہیں اور وہ آج بھی نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینیئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے آج تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلفت بلتستان میں عظیم الشان ریلیوں اور اجتماعات کے انعقاد کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ نہ صرف یکجہتی کا اظہار کیا بلکہ یہ پیغام بھی دے دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اکیلے نہیں بلکہ پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp