بنگلہ دیش میں شیخ مجیب کے مجسمے پر عوام کا حملہ، ویڈیو وائرل

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ واجد حکومت کے خلاف مشتعل مظاہرین نے بنگلہ دیش کے بانی، شیخ حسینہ واجد کے والد شیخ مجیب الرحمان کا دیو ہیکل مجسمہ تباہ کر دیا، سینکڑوں مشتعل مظاہرین مجسمے پر کلہاڑے اور ہتھوڑے لے کر چڑھ دوڑے۔

پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پر وائرل ویڈیو میں شیخ حسینہ واجد حکومت کے خلاف مشتعل مظاہرین کو بنگلہ دیش کے بانی، سابق صدر اور مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مرحوم والد شیخ مجیب الرحمان کے دیو ہیکل مجسمے کو تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش: شیخ حسینہ واجد مستعفی، آرمی چیف کا مخلوط عبوری حکومت بنانے کا اعلان

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہزاروں مشتعل بنگلہ دیشی مظاہرین نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعظم کے محل پر اس وقت دھاوا بول دیا جب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ شیخ حسینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے اور ملک چھوڑ دیا ہے

ڈھاکہ کی سڑکوں پر مشتعل مظاہرین نے جھنڈے لہرائے جس کے بعد سینکڑوں افراد شیخ حسینہ کی سرکاری رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل ہجوم ڈھاکہ چوک میں کھڑے حسینہ واجد کے والد اور بنگلہ دیش کے بانی سابق صدر شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، مشتعل مظاہرین کلہاڑوں اور ہتھوڑوں کے ساتھ شیخ مجیب الرحمان کے مجسمے پر چڑھ دوڑے اور اسے توڑنا شروع کر دیا۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش میں سول نافرمانی کی تحریک میں شدت، ایک روز میں 100 سے زائد ہلاکتیں، کرفیو نافذ

ادھر غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ میں بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ فوجیوں اور پولیس نے حسینہ واجد کے دفتر جانے والے راستوں پر خاردار تاریں لگا کر رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے اندازوں کے مطابق تقریباً 4 لاکھ مظاہرین سڑکوں پر موجود تھے لیکن ان اعداد و شمار کی تصدیق ناممکن ہے۔

اتوار کو بنگلہ دیش میں سول نافرمانی کی تحریک کے دوران فسادات میں 14 پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 98 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ جولائی کے اوائل میں شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد سے اس دن کے تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد کم از کم 300 ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کی کشیدہ صورتحال میں پاکستانی طلبا وطالبات سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہائی کمشنر

سول سروس میں ملازمتوں کے کوٹہ کے خلاف گزشتہ ماہ شروع ہونے والا احتجاج 76 سالہ حسینہ واجد کے استعفیٰ کے مطالبات میں تبدیل ہو گیا اور بالآخر شیخ حسینہ واجد وزاعظم کے عہدے سے استعفیٰ دے کر ملک سے فرار ہو گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp