جو کچھ بنگلہ دیش میں ہوا وہی ہمارے حکمرانوں کا بھی مقدر ہوگا، حافظ نعیم الرحمان

پیر 5 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جو کچھ بنگلہ دیش میں ہوا وہی ہمارے حکمرانوں کا بھی مقدر ہوگا۔

راولپنڈی میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کارکنان بڑی کشمکش کے لیے تیار ہوجائیں، جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یہ بھی پڑھیں بنگلہ دیش میں 15 سالہ دورِجبر اور بھارت نواز حکومت کا خاتمہ ہوگیا، حافظ نعیم الرحمان

انہوں نے کہاکہ مغرب کے ایجنٹ نام نہاد حسینہ واجد کو آئرن لیڈی کہتے تھے، وہ طاقت کے بل بوتے پر حکمرانی کرتی رہی، اور ظلم و جبر کی بنیاد پر لوگوں کا استحصال کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ شیخ حسینہ واجد تو بھارت چلی گئیں، مگر آصف زرداری اور شہباز شریف کے لیے ہیلی کاپٹر بھی نہ پہنچ سکا تو کیا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی کمیٹی بھاگی ہوئی ہے، ہم 7 یا 8 اگست کو مارچ کی کال دیں گے، آٹے، چینی اور بچے کے دودھ پر ٹیکس قبول نہیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک بھر کو بند کرسکتی ہے، بنگلہ دیش میں جو ہوا وہ کسی کے تصور میں بھی نہیں تھا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا راولپنڈی کے لیاقت باغ میں مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف احتجاج جاری ہے، اور حکومت کو اپنے مطالبات پیش کردیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں قوم کی امیدوں کو نہیں توڑیں گے، دھرنا جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمان

اس سے قبل حکومتی کمیٹی اور جماعت اسلامی کے قائدین کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہوئے ہیں، مگر کسی نکتے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp