سرکاری اسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے پمز اسپتال اسلام آباد میں روبوٹک سرجری متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ سرجری کے شعبے میں ترقی کی جانب پہلا قدم 1465 ملین کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے۔ سرجنز کو صحت کے شعبے میں جدید تکنیکی سہولیات سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پولی کلینک اسپتال میں جدید ترین ڈیجیٹل ریڈیو گرافی سسٹم نصب
ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں روبوٹک سرجری کے ساتھ موجودہ سرجیکل سروسز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ سرجنز کو اعلیٰ مہارت کی تربیت دینے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ آئندہ مریض جدید ترین علاج کے آپشنز سے مستفید ہو سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں غیر ملکی زرمبادلہ کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرنا بھی وقت کی ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں ملازمتوں کے حصول اور روبوٹک سرجری میں تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت کے مواقع میسر ہوں گے۔ صحت کے شعبہ میں بہتری اور اصلاحات ہمارا ایجنڈا اور مشن جبکہ عوام کو طبی اور اعلیٰ معیار کی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔