چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تمام پاور ڈویژن کمپنیوں کو جولائی اور اگست 2024 کے بلوں کی ادائیگی کی مقررہ تاریخ میں 10 روز کی توسیع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم کی جانب سے بجلی صارفین کی مشکلات کے سبب بلوں کی تاریخ میں توسیع کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اعلامیہ جاری ہونے کے بعد تمام پاور ڈویژن کمپنیوں کی جانب سے بھی نہ صرف پریس ریلیز کے ذریعے بتایا گیا بلکہ ویب سائٹس پر بھی اعلان کیا گیا کہ جولائی اور اگست میں واجب الادا ہونے والے بلوں کی آخری تاریخ میں 10دن کی توسیع کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی بجلی کے بل ادا کرنے کی مقررہ تاریخ میں 10 روز کی توسیع کی ہدایت
اعلامیہ کے مطابق وہ صارفین جو لیٹ پیمنٹ سرچارج (ایل پی ایس) کے ساتھ اپنے بلوں کی ادائیگی کرچکے ہیں۔ انہیں اگلے مہینے کے بل میں ایڈجسٹمنٹ فراہم کی جائے گی۔ لیکن یہاں یہ چیز واضح کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے اعلان پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ہے۔
صارفین جب بجلی کے بل کی مقررہ تاریخ کے بعد بل کی ادائیگی کے لیے جا رہے ہیں تو بینکوں کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ انہیں کمپنیوں کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت نہیں کی گئی، لہذا آپ مقررہ تاریخ کے بعد بل جمع کروانے کا جرمانہ بھی ادا کریں۔ خاص طور پر اسلام آباد کے بجلی صارفین کو ان مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آئیسکو ڈائریکٹر پبلک ریلیشن عاصم ناظر راجہ کا کہنا تھا کہ ہماری جانب سے تمام بینکوں کو ہدات کردی گئی ہے، اور تمام بینک اس ہدایت کے مطابق ان تمام افراد کا بل جن کی مقررہ تاریخ اگست کی ہے اس جرمانہ نہیں لے سکتے۔ تاہم، ایسا ممکن نہیں ہے کہ بینک کی جانب سے اس طرح کا جواب دیا جائے۔
’ہماری جانب سے تمام بینکوں کو کہا جاچکا ہے، کیا پتہ کوئی ایک یا 2 بینک ایسا کررہے ہوں، لیکن ان کا بھی یہ کہنا بنتا نہیں ہے کیونکہ ہماری جانب سے تمام بینکوں کو نہ صرف اطلاع دی گئی ہے بلکہ اس ہدایت پر فوری طور پر عمل کرنے کے حوالے سے کہا بھی گیا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کے بل کو کیسے کیلکولیٹ کیا جارہا ہے؟
وزیراعظم کی ہدایت کے بعد آئیسکو کی جانب سے پریس ریلیز بھی جاری کی گئی تھی، جس میں یہی کہا گیا تھا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزرات توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آئیسکو کے وہ صارفین جن کے جولائی 2024 کے بلوں کی مقررہ تاریخ ماہ اگست 2024 کے مہینے میں تھی، ان کے بلوں کی مقررہ تاریخ میں 10دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔
آئیسکو کے مطابق اس سہولت کے بعد معزز صارفین اپنا بجلی کا بل کسی اضافی سر چارج کے بغیر توسیع کی گئی مقررہ تاریخ تک جمع کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فیلڈ فارمیشنز بنکوں اور پوسٹ آفیسز کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں‘۔
واضح رہے کہ لیسکو کے ترجمان کا بھی یہی کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے جولائی کے بلوں کی مقررہ تاریخ میں10 روز کی توسیع کردی ہے۔
لیسکو کا بتانا ہے کہ تاریخ میں توسیع سے صارفین پرعائد ہونیوالا جرمانہ بھی ختم ہوگیا ہے جب کہ لیسکو صارفین ویب سائٹس سے نیا بل وصول کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ کراچی سمیت دیگر شہروں کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بھی وزیراعظم کی اس ہدایت پر فوری عمل کرتے ہوئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی میں 10 دن کی توسیع کردی ہے۔