اسحاق ڈار او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے آج سعودی عرب روانہ ہونگے

منگل 6 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آج شام سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، او آئی سی وزرائے خارجہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیرمعمولی اجلاس کل بروز بدھ شام 4 بجے جدہ میں او آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگا، اسحاق ڈار کی سعودی عرب سے جمعرات کو وطن واپسی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تفصیلات جاری: اسرائیل سے مناسب وقت پر بدلہ لیا جائیگا، پاسداران انقلاب کا اعلان

او آئی سی وزرائے خارجہ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیرمعمولی اجلاس فلسطینی ریاست اور اسلامی جمہوریہ ایران کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس کا ایجنڈا 2 نکاتی ہے جس کے تحت فلسطین پر اسرائیلی قبضے کے تسلسل اور ایران سمیت خطے کے دیگر ملکوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں رکن ممالک کی جانب سے فلسطینی عوام  کے خلاف اسرائیلی جرائم اور ایران کی سالمیت کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر مشترکہ اعلامیہ اور مسلم امہ کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی حملے جنگی جرائم، عالمی برادری جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کرے، او آئی سی

اس حوالے سے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار جدہ سعودی عرب میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فلسطین اور دیگر علاقائی ریاستوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، غیرمعمولی اجلاس میں نائب وزیراعظم غزہ اور مشرق وسطیٰ کی ابتر صورتحال پر پاکستان کے سنجیدہ تحفظات کا اظہار کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار امن کی فوری ضرورت اور غزہ کے لوگوں کو امداد کی فراہمی پر زور دیں گے اور او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی کاز کے شدید حامی کے طور پر پاکستان ہمیشہ او آئی سی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اپنی آواز بلند کرنے میں سب سے سرفہرست رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp