پیرس اولمپکس میں پاکستان کی واحد امید ارشد ندیم کا قوم کے نام پیغام ؟

بدھ 7 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنلسٹ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کامیابی کے لیے دعا کرے تاکہ وہ ملک کے لیے سونے کا تمغہ جیت سکیں۔

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ’میں فائنل میں پہنچا ہوں، 8  اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق 11 بجکر 25 منٹ پر فائنل ہے، میرے لیا دعا کریں تاکہ میں اچھا پرفارم کروں اور پاکستان کے لیے تمغہ جیتوں۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ فائنل میں اچھا رزلٹ دیں گے۔’شائقین کا سپورٹ کرنے پر مشکور ہوں، فارم میں اور فٹ ہوں، امید ہے فائنل میں بھارت کے نیرج چوپڑا اور میں اپنے اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔‘

یہ بھی پڑھیں: پیرس اولمپکس 2024: ارشد ندیم نے جیولین تھرو فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے سیمی فائنل جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی باری میں 89.34 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے۔

گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز 88.63 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ پاکستان کے ارشد ندیم 86.59 میٹر کی تھرو کی اور تیسرے نمبر پر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیرس ڈائمنڈ لیگ، جیولن تھرو مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی چوتھی پوزیشن

پاکستان نے 1992 کے بعد سے اولمپکس میں کوئی بھی میڈل نہیں جیتا، تب پاکستان ہاکی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا، لگ بھگ 32 برس بعد ارشد ندیم کی شکل میں پاکستان کے لیے میڈل کی امید باقی ہے۔

واضح رہے کہ اولمپکس یہ ارشد ندیم کا اولمپکس میں مسلسل دوسرا فائنل ہے، ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس میں ارشد ندیم پانچویں پوزیشن پر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پیرس اولمپکس: 100 میٹر ریس میں منفرد ریکارڈ قائم

ارشد ندیم  پاکستان کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں سونے اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیت چکے ہیں، یوں وہ پاکستان کی تاریخ کے اب تک کے عظیم ترین ایتھلیٹ بن چکے ہیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp