جنریشن زی اور اس کی خصوصیات کیا ہیں؟

بدھ 7 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج کل ہر دوسرا شخص ’جنریشن زی‘ لفظ کا استعمال کر رہا ہوتا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی یہ بہت عام ہے۔ کبھی جنریشن زی کو انقلابی جنریشن کہا جاتا ہے تو کبھی یہ کہا جاتا ہے کہ جنریش زی گزشتہ جنریشنز کے مقابلے میں زیادہ پریشان رہنے والی جنریشن ہے۔

بہت سے افراد اس لفظ کے مطلب سے واقف ہونگے لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو جنریشن زی کے حوالے سے زیادہ علم نہیں رکھتے۔ جنریشن زی کا کیا مطلب ہے؟ جنریشن زی کی کیا خوبیاں اور خامیاں ہیں؟ آئیے جائزہ لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گیلپ سروے: پاکستانی نوجوانوں کی اکثریت کس جنریشن کو زیادہ باشعور سمجھتی ہے؟

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قائداعظم یونیورسٹی کے  اینتھروپولوجی ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر محمد وقاص سلیم نے بتایا کہ جنریشن زی اس نسل کو کہتے ہیں جو 90 کی دہائی کے وسط یعنی سنہ 1995 سے سنہ 2010 تک پیدا ہوئی اور جنریشن زی سے پچھلی نسل جو 80 کی دہائی کے اوائل سے لے کر90  کی دہائی کے وسط تک پیدا ہوئی اسے کو ملینیئلز کہا جاتا ہے اور سال 2010 کے بعد پیدا ہونے والوں کو جنریشن ایلفا کہا جاتا ہے۔

جنریشن زی کے حوالے سے انہوں نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ جنریشن زی نے بچپن سے ہی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے، جیسے کہ اسمارٹ فونز، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ وغیرہ اور یہی وجہ ہے کہ نسل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کافی ایکٹیو ہے۔

جنریشن زی کی خصوصیات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ جنریشن زی کے حوالے سے بہت سی باتیں مشہور ہیں یہ خود مختاری اور خود انحصاری کو اہمیت دیتی ہے اور اکثر اپنے فیصلوں کو خود لینا زیادہ اہم سمجھتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ جنریشن زی میں ثقافتی، نسلی اور جنسی تنوع کی قبولیت پائی جاتی ہے اور یہ نسل اس پر فخر بھی کرتی ہے۔

مزید پڑھیے: ففتھ جنریشن بمقابلہ سکستھ جنریشن

محمد وقاص سلیم نے بتایا کہ جنریشن زی عام طور پر ماحولیات، سماجی انصاف اور انسانی حقوق جیسے مسائل پر بہت زیادہ حساسیت رکھتی ہے اور ان کے حقوق میں زرا سی بھی کوتاہی شدید ردعمل کے طور پر سامنے آتی ہے لیکن ان میں ایک چیز یہ ہے کہ یہ اپنے حقوق کے لیے صرف کی بورڈ تک کھڑے رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہیں ’ورچوئل واریئرز‘ کہنا غلط نہیں ہوگا تاہم سوشل میڈیا کی حد تک یہ نسل بہت پاورفل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نسل بہت غیر حقیقی ہے، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر ایپس کی وجہ سے ان میں بہت غیر حقیقی رویہ پایا جاتا ہے کیونکہ ان میں صرف پیسہ کمانے، راتوں رات بڑا بن جانے کے خواب ہوتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ یہ صرف سوشل میڈیا تک ہی طاقتور ہیں اور انہیں مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن میں غلط اور صحیح کی تفریق کرنے میں مسائل پیش آتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اداس نسل اور جنریشن گیپ

محمد وقاص سلیم نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور اس میں جنریشن زی کا بڑا کردار رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ جنریشن زی کو زیادہ پریشان رہنے والی نسل بھی کہا جاتا ہے کیونکہ دنیا میں کے معاشی حالات ایسے رہے ہیں کہ جنریشن زی کے بچوں تک میں ڈپریشن جیسی علامات کا مطالعہ کیا گیا ہے۔ ان کی سوشلائزیشن پچھلی نسلوں کی طرح نہیں رہی کیونکہ ان کی زندگی سوشل میڈیا کے گرد ہی گھومتی ہے۔

جنریشن زی کی یہی خصوصیات اسے پچھلی نسلوں سے منفرد بناتی ہیں اور ان کی ثقافتی اور معاشرتی خصوصیات کی بنیاد پر ہی ان کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp