پیرس اولمپکس: ارشد ندیم کے مقابلے کا فارمیٹ کیا ہوگا؟

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فرانس کے دارالحکومت پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کا فائنل آج رات ہوگا، جس میں پاکستان کے ارشد ندیم سمیت 12 ایتھلیٹس اپنی قسمت آزمائیں گے۔ پاکستان میں شائقینِ کھیل اس مقابلے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں کیونکہ 32 برس بعد انہیں اولمپک میڈل کی امید نظر آئی ہے۔

جیولن مقابلے کے فائنل کا فارمیٹ کیا ہو گا؟

فائنل مقابلے کے پہلے مرحلے میں تمام 12 ایتھلیٹس 3، 3 مرتبہ جیولن تھرو کریں گے اور 3 باریوں کے بعد بہترین تھرو کرنے والے 8 ایتھلیٹس مزید 3 باریاں لیں گے، مجموعی 6 باریوں میں سب سے بہتر تھرو اس ایتھلیٹ کی حتمی تھرو قرار پائے گی، جس کی بنیاد پر میڈل کا فیصلہ ہوگا، اسٹارٹ لسٹ میں پاکستان کےارشد ندیم کا نمبر چوتھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپکس 2024: ارشد ندیم آج میڈل کے لیے میدان میں اتریں گے، مقابلہ کتنے بجے منعقد ہوگا؟

ارشد ندیم نے پہلے مرحلے میں86.59 میٹر تھرو کر کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ ان کی بہترین ذاتی تھرو 90.18 میٹر کی تھی۔

ارشد ندیم نے 2015 سے 2024 تک کتنی لمبی تھرو کی؟

اسلام آباد میں ارشد ندیم کی 2015 کی سب سے لمبی جیولن تھرو کی رینج 70.46 میٹر تھی۔ گوہاٹی میں سال 2016 میں انہوں نے 78.33 میٹر دور جیولن تھرو کی۔ بھوبا نیشور میں 2017 میں ان کی سب سے لمبی جیولن تھرو 78 میٹر ریکارڈ کی گئی تھی ۔

مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس 2024: ارشد ندیم نے جیولین تھرو فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

جکارتہ میں 2018 میں ہونے والے مقابلے میں ارشد ندیم نے 80.75 میٹر دور جیولن کو پھینکا۔ سال 2019 میں کھٹمنڈو میں انہوں نے 86.29 میٹر دور تھرو کی۔ ارشد ندیم نے 2021 میں مشہد میں 86.38 میٹر دور جیولن تھرو کی۔ برمنگھم میں سال 2022 میں ان کی سب سے لمبی تھرو 90.18 میٹر تھی۔ بڈا پیسٹ میں 2023 میں ان کی جیولن تھرو کا فاصلہ 87.82 میٹر رہا۔ پیرس میں جاری اولمپکس 2024 کے پہلے راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 86.59 میٹر دور جیولن پھینک کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پیرس اولمپکس میں پاکستان کی واحد امید ارشد ندیم کا قوم کے نام پیغام ؟

یاد رہے کہ پاکستان نے 32 برس قبل آج ہی کے دن یعنی 8 اگست 1992 کو ہاکی کے مقابلوں میں آخری اولمپک میڈل جیتا تھا، جس کے بعد آج کروڑوں پاکستانیوں کی نظریں ارشد ندیم پر جمی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp