لیبر ویزا پر خلیجی ممالک جانے والے مسافروں کے ایئر ٹکٹ پر ٹیکس میں ہزاروں روپے کی کمی

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خلیجی ممالک کا سفر کرنے والے مزدوروں پر 5ہزار فی ایئر ٹکٹ ایکسائز ڈیوٹی فکس کردی گئی ہے، لیبر ویزے پر خلیجی ممالک جانے والے مسافروں سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی مقررہ رقم وصول کرے گا۔ اس سے قبل لیبر ویزا کے ٹکٹ پر 12ہزار 500 روپے ٹیکس لیا جاتا تھا۔

وفاقی حکومت نے لیبر ویزے پر خلیجی ممالک جانے والے مسافروں کے ایئر ٹکٹ پر عائد ایکسائز ڈیوٹی میں 7ہزار 500 روپے فی ٹکٹ کی کمی کر دی ہے، اب لیبر ویزے کے حامل مسافروں کو 12 ہزار 500 کی بجائے 5 ہزار روپے فکس ایکسائز ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں: تنخواہوں پر اضافی ٹیکس، عام آدمی کا گزارا کتنا مشکل ہوگیا؟

ایف بی آر نے بدھ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق لیبر ویزے پر خلیجی ممالک جانے والے پاکستانی مسافروں سے ایئر ٹکٹ پر 5ہزار روپے فکس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضروری ہے مزدوروں کے پاسپورٹ پر لیبر ویزہ پرنٹ ہونا چاہیے اور پروٹیکٹر آف امگرینٹس (بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ)کی تصدیق بھی ہونی چاہیے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، قطر، عمان، کویت اور بحرین جی سی سی کا حصہ ہیں اور ان ممالک میں اس وقت پاکستانی مزدوروں کی بڑی تعداد کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اگر اس آئی ایم ایف پروگرام کو آخری بنانا ہے تو ٹیکس بڑھانے ہوں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

واضح رہے کہ مالی سال 2024-25کے وفاقی بجٹ میں اندرون اوربیرون ممالک فضائی سفر کے لیے ٹکٹوں پرفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ کردیا گیا تھا۔ تاہم، حالیہ نوٹیفکیشن کے بعد لیبرویزا پر خلیجی ممالک میں جانیوالے پاکستانیوں کے یہ اضافہ واپس لے لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp