کیا عمران خان پی ٹی وی، قومی اسمبلی، وزیراعظم ہاؤس پر حملے کی معافی مانگیں گے؟ جاوید لطیف

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے 2014 سے جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ 9 مئی 2023 کو آکر تھما، کیا عمران خان پی ٹی وی، قومی اسمبلی، وزیراعظم ہاؤس پر حملے کی معافی بھی مانگیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ اگر فوج یا رینجر انہیں گرفتار کرے گی تو لوگ جواب بھی اسی کو دیں گے، تو نواز شریف اور دیگر لوگوں کو رینجرز نے گرفتار کیا۔ ’مجھے کئی دفعہ رینجرز نے گرفتار کیا، کیا ہم نے کبھی اداروں پر حملہ کرنے کی بات کی تھی یا ہمارا ردعمل اس طرح کا آیا تھا۔‘

یہ بھی پڑھیں: 9مئی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس 

جاوید لطیف نے کہا کہ 2014 سے شروع ہونے والا جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ 9 مئی کو آ کر تھما، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں کہ مجھے 9 مئی کی ویڈیو دکھائیں تو معافی مانگ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی نے جلاؤ گھیراو کے واقعات پر آنکھیں بند کر رکھی تھیں، موصوف کا اپنی پارٹی کے رہنماؤں کے بارے میں کیا خیال ہے؟

ن لیگی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملک کی معیشت اور معاشرت تباہ کی، موصوف غیرملکی طاقتوں کو مداخلت کی دعوت دے رہے ہیں، آج اس سوچ کو پروان چڑھایا جارہا ہے کہ 9 مئی ہوا ہے یا نہیں، آج ایک بار پھر سے دہشت گردی کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئین میں کہاں لکھا ہے کہ جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کرنا جرم ہے؟ عمران خان

جاوید لطیف نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ کس کی مرضی سے فیصلہ دینے والوں نے فیصلہ دیا تھا، سب جانتے ہیں کہ 2017 میں نواز شریف کو کس کے کہنے پر نااہل کروایا گیا تھا، کیا کسی نے حملے کی منصوبہ بندی کی، وہ شخص جس کے نامہ اعمال میں ایک معافی نہیں، اس شخص نے 2014 میں جو جلاؤ گھیراؤ کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

’یہ الگ بات ہے کہ اس وقت اس کی سرپرستی کرنے والے کوئی اور لوگ تھے، یہ بھی الگ بات ہے کہ 9 مئی کس کی سہولت کاری سے ہوا تھا، یہ بھی حقیقت ہے کہ جسٹس ثاقب نثار سے جسٹس کھوسہ ہوں یا جسٹس اعجاز الحسن ہوں یا جسٹس بندیال تک ان کو سہولتکاری میسر رہی۔‘

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور فوج کے درمیان ڈیل؟ معافی مانگ لی؟

انہوں نے کہا کہ ایک جنرل کابل میں چائے کا کپ پیش کررہے تھے، کیا عمران خان کے لیے وہ سہولتکاری ختم ہوگئی، کیا کوئی یہ بتانا پسند کرے گا۔ ’جو کہتا ہے کہ میں معافی مانگ لوں گا، یہ تو بتائیں کہ جب آپ پی ٹی وی، قومی اسمبلی، وزیراعظم ہاؤس پر حملہ کررہے تھے، حملے کروا رہے تھے، اس کی معافی مانگو گے یا تھرڈ ایمپائر کی انگلی کھڑی کرنے کی جو باربار گردان کرتے تھے، اس پہ معافی مانگو گے۔‘

لیگی رہنما نے کہا کہ کیا وہ اس بات پر معافی مانگیں گے کہ انہوں نے آئی ایم ایف کو خط لکھوایا، کیا آپ اس بات پر معافی مانگیں گے کہ جو آپ کو اقتدار میں لے کر آئے، تو آپ نے انہی کو میر جعفر، میر صادق کہا، اپ اس پر معافی مانگیں گے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ کیا یہ 6 ہزار دہشتگردوں کو چھوڑنے پر معافی مانگیں گے؟ کیا ان کی معافی سے مجھے روزگار، 2 وقت کی روٹی مل جائے گی؟ معیشت کو اس دہانے پر لانے پر کیا معافی مانگے گے یہ؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp