لاہور ہائیکورٹ: پی ٹی آئی کو جشن آزادی کی تقریب کے لیے اجازت نہ دینے پر ڈپٹی کمشنر طلب

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی لاہور کے لبرٹی چوک پر جشن آزادی کا کیک کاٹنے کی تقریب کی اجازت کے لیے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کشمنر کو طلب کرلیا۔

جسٹس شہرام سرور چوہدری نے پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر افضال عظیم پاہٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے ربعیہ باجوہ ایڈووکیٹ نے دلائل پیش کیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی چیئرمین گوہر خان کی شیر افضل سے ملاقات، دونوں میں کیا باتیں ہوئیں؟

ربیعہ باجوہ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکن یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹنا چاہتے ہیں جس کے لیے پارٹی یوم آزادی منانے کے لیے لبرٹی چوک میں 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب تقریب منعقد کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیک کاٹنے کی تقریب کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور کو درخواست دی تھی مگر انہوں نے تقریب کی اجازت نہیں دی۔

عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو 12 اگست کے لیے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

ڈاکٹر یاسمین راشد کی دوبارہ طبی معائنے کی درخواست منظور

ایک الگ کیس میں لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی شوکت خانم اسپتال میں دوبارہ طبی معائنے کی درخواست منظور کرلی ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنی درخواست میں طبی معائنے کے لیے شوکت خانم اسپتال بھجوائے جانے کی استدعا کی تھی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد سانحہ 9 مئی کے مختلف مقدمات میں کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp