وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں صوبے کے پہلے ڈیجیٹل اسلحہ لائسنس سینٹر کا افتتاح کردیا ہے، جس کے بعد پرانے اسلحہ لائسنس کے ڈیجیٹل احیا کے لیے 30 دن کی مہلت دی گئی ہے۔
ڈیجیٹل اسلحہ لائسنس سینٹر افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ اسلحہ لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا معاملہ 2017 سے زیر التوا تھا، جسے مکمل کرتے ہوئے اسلحہ لائسنس کے اجرا کو ون ونڈو کرپشن سے پاک آپریشن بنادیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے چمن ماسٹر پلان کا افتتاح کردیا
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ تمام قانونی دستاویزات کو ڈیجیٹائز کیا جارہا ہے، بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی بہت سے دستاویزات کی ڈیجیٹائزیشن کا آغاز کردیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل اسلحہ لائسنس کا اجرا 5 سال کے لیے کیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پرانے لائسنس کا ایک ماہ میں ڈیجیٹل احیا ناگزیر ہوگا ورنہ مقررہ مدت کے بعد لائسنس منسوخ تصور کیا جائے گا، انہوں نے اعلان کیا کہ چمن کے شہریوں کو مفت پاسپورٹ جاری کیا جائے گا، پاسپورٹ کی 16 ہزار فیس حکومت ادا کرے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات پہلے روز سے جاری ہیں، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سے مذاکرات ہو رہے ہیں، بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ 4 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ڈیرہ بگٹی کبھی نوگو ایریا نہیں رہا، حکومت عوام کو تحفظ فراہم کر رہی ہے۔