گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپیئن ارشد ندیم پر انعامات کی برسات

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے 40سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیت کر لانے والے ارشد ندیم کے لیے سندھ حکومت نے 5کروڑ روپے جبکہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور گلوکار علی ظفر نے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اے آر وائی کے سربراہ سلمان اقبال نے جیولن تھرو ایونٹ کے قائنل میں 92.97 میٹرکی تھرو کا اولمپکس ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم کو ایک اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان اور میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ارشد ندیم کے لیے انعام کا اعلان کیا، پاکستانیوں کے دل اور گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اولمپکس میں اب تک سب سے لمبی تھرو پھینکنے والے بھی ارشد ندیم ہیں، انہوں نے پہلی پوزیشن بھی حاصل کی، اور اس مقابلے میں دوسری بڑی تھرو بھی انہی نے پھینکی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ 40 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر سندھ حکومت کی جانب سے انہیں 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ماں کی دعائیں رنگ لے آئیں، ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ڈاٹ کام پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی ارشد ندیم کی اولمپکس میں تاریخ ساز کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے، گورنر سندھ کے مطابق پریس اولمپکس میں مردوں کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ کی سب سے لمبی تھرو کرکے نا صرف نیا عالمی ریکارڈ بنایا بلکہ گولڈ میڈل بھی جیت لیا۔

’تاریخ ساز کامیابی پر قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ایک ملین روپے دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ پوری قوم کو اولمپکس کی تاریخ ساز کامیابی بہت بہت مبارک ہو۔‘

دوسری جانب گلوکار علی ظفر نے بھی سوشل میڈیا پر ارشد ندیم کے لیے 10لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا، انہوں نے لکھا کہ ارشد ندیم اولمپیئن ایک ہیرو ہے، جس نے 92.97 کی تھرو پھینک کر ریکارڈ توڑا اور پاکستان کے

لیے طلائی تمغہ جیتا۔

علی ظفر نے لکھا کہ ارشد ندیم کی اس کارکردگی پر میں اسے 10لاکھ  روپے انعام سے نوازوں گا۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو چاہیے کہ اپنے ہیروز کو وہ خوشیاں دیں جس کے وہ مستحق ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایک ہیرو کی طرح ان کا استقبال کریں اور ان کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کریں۔ اگر ہمارے کھلاڑیوں کو وہ سپورٹ ملنا شروع ہو جائے جس کے وہ مستحق ہیں تو ہم ایک کے بجائے 10 گولڈ جیت سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نئے اولمپک ریکارڈ کیساتھ ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب، پاکستان میں جشن کا سماں

علاوہ ازیں پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتنے پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے شہر میں زیر تعمیر نیو اسپورٹس اسٹیڈیم کوارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ سکھر کے عوام کی پرزور خواہش پر پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو سونے کا تاج بھی پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب اے آر وائی کے سلمان اقبال نے بھی اولمپیئن ارشد ندیم کی تاریخ ساز فتح پر اے آر وائی لیگونا میں ایک اپارٹمنٹ انہیں تحفہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp