‏ارشد ندیم کے گولڈ کے ساتھ ہی پاکستان پیرس اولمپکس میں انڈیا سے 11 درجے اوپر آگیا

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس 2024 میڈلز ٹیبل کے تازہ ترین نتائج کے مطابق امریکا 30 گولڈ میڈلز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ بھارت گولڈ میڈل کے بغیر 5 مجموعی میڈلز کے ساتھ 64ویں نمبر پر ہے جبکہ پاکستان، ارشد ندیم کے واحد ریکارڈ ساز گولڈ میڈل کے ساتھ بھارت سے 11 درجے اوپر آنے کی بدولت 53ویں نمبر پر ہے۔

پیرس اولمپکس 2024: میڈلز لسٹ کا تازہ ترین عکس

ارشد ندیم پاکستان کے واحد ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے پیرس اولمپکس میں فتح کے جھنڈے گاڑے۔ ارشد ندیم نے جیولین تھرو مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا، جس کے بعد پاکستان کا اولمپکس مقابلوں میں میڈل کے حصول کا 3 دہائیوں سے جاری انتظار بھی ختم ہوگیا۔ ارشد ندیم نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔

ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کرکے بھارت کے 117 رکنی دستے کو تن تنہا پچھاڑ دیا؟

دلچسپ امر یہ ہے کہ بھارت کا بھاری بھرکم اولمپک دستہ 117 کھلاڑیوں پر مشتمل تھا، جو محض ایک سلور اور 4 برونز میڈلز کے ساتھ کل 5 میڈلز حاصل کرسکا۔ جبکہ پاکستان نے پیرس اولمپکس میں ایتھلیٹکس، شوٹنگ اور سوئمنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے 7 ایتھلیٹس بھیجے تھے،صرف ارشد ندیم نے گولڈ میڈل حاصل کرکے بھارت کے 117 رکنی دستے کو تن تنہا پچھاڑ دیا اور میڈلز ٹیبل پر پاکستان کو 11 درجے بلندی عطا کی۔

مزید پڑھیں:ارشد ندیم کی کامیابی، عثمان بزدار کریڈٹ لینے میدان میں آگئے

پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی پر ایک نظر

ارشد ندیم، کشمالہ طلعت، گلفام جوزف اور غلام مصطفیٰ بشیر کو اولمپکس میں براہ راست انٹری مل گئی تھی جبکہ جہاں آرا نبی، فائقہ ریاض اور محمد احمد درانی نے وائلڈ کارڈ انٹری پر اولمپکس میں شرکت کی۔ ان ایتھلیٹس کی کارکردگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

محمد علی درانی (تیراک)

پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان تیراک محمد احمد درانی 200 میٹر فری اسٹائل مقابلے کے ابتدائی راؤنڈ میں آخری نمبر پر رہے۔ وہ 11 سیکنڈ کے فرق سے فائنل مرحلے میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام ہو گئے۔

جہاں آرا نبی (تیراک)

جہاں آرا نبی بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔ جہاں آرا اپنی ہیٹ (Heat) میں تیسرے اور مجموعی طور پر 30 تیراکوں میں 26 ویں نمبر پر آئیں۔

گلفام جوزف (نشانہ باز)

پاکستانی اولمپیئن گلفام جوزف 10 میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ میں 571 کے فائنل اسکور کے ساتھ کوالیفائنگ راؤنڈ میں 22ویں نمبر پر رہے۔ اس سے قبل ٹوکیو اولمپکس 2020 میں انہوں نے 578 کا اسکور حاصل کیا تھا۔

مزید پڑھیں:ارشد ندیم تاریخ میں رقم، ماضی میں کب کب پاکستان کا جھنڈا سب سے اونچا رہا؟

کشمالہ طلعت (نشانہ باز)

25 میٹر پسٹل شوٹنگ مقابلے میں کشمالہ طلعت فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکیں۔ شوٹنگ مقابلے میں 40 شوٹرز میں سے کشمالہ طلعت کی 22ویں پوزیشن رہی، کشمالہ طلعت نے مجموعی طور پر 289 پوائنٹس اسکور کیے۔

فائقہ ریاض (سپرنٹر)

سپرنٹر فائقہ ریاض بھی دیگر ہم وطن ایتھلیٹس کی طرح کوئی خاص کارکردگی نہ پیش کرسکیں۔ وہ ہیٹ (Heat) مقابلے میں ٹاپ 10 میں رہیں اور نہ ہی اگلے 5 مجموعی بہترین پلیئرز میں جگہ بناسکیں، ابتدائی راؤنڈ میں انھوں نے 12.49 کی پرفارمنس پیش کی، فائقہ اپنی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہیں۔

غلام مصطفیٰ بشیر (نشانہ باز)

25 میٹر ریپڈ فائر شوٹنگ مقابلے میں پاکستانی شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر فائنل راؤنڈ تک نہ پہنچ سکے۔ غلام مصطفیٰ بشیر 581 پوائنٹس کے ساتھ 15ویں نمبر پر رہے جہاں انہوں نے سیریز 1 میں 292 اور سیریز 2 میں 289 پوائنٹس اسکور کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp