ماں سُپر سٹار تو بیٹی بھی سُپر سٹار

ہفتہ 1 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی بیشتر اداکاراؤں نے اپنے فن کی بدولت نہ صرف اپنی علیحدہ شناخت بنائی بلکہ ان کی بیٹیوں نے بھی اپنی ماں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کی دنیا میں بلندیوں کو چھوا ہے۔ جانتے ہیں کچھ ایسی ہی ماں اور بیٹیوں کے بارے میں جنہوں نے سلور سکرین پر اپنے فن کا لوہا منوایا۔

امرتا سنگھ اور سارہ علی خان:

امرتا سنگھ 80 کی دہائی کی مقبول اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ مرد، چمیلی کی شادی، طوفان اور بیتاب سمیت کئی اہم فلموں میں کام کرنے والی امرتا سنگھ 1990 کے بعد فلمی دنیا سے دور ہو گئی تھیں۔

تاہم ان کی بیٹی سارہ علی خان اس وقت بالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ 2019 میں فلم کیدارناتھ سے بالی ووڈ میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی سارہ کی اب تک 5 فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔

سونی رازدان اور عالیہ بھٹ:

80 کی دہائی سے بالی ووڈ میں سرگرم اداکارہ سونی رازدان نے اپنے کریئر میں پیج تھری، منڈی، سارنش، دھرو کال اور راضی سمیت کئی ہٹ فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ اب بھی انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔

ان کی بیٹی عالیہ بھٹ کا شمار اس وقت بالی ووڈ کی ٹاپ 5 اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ ہائی وے، راضی، گلی بوائے، برہماستر اور گنگو بائی جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی عالیہ کو اب تک 4 بار فلم فیئر ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے۔

ہیما مالنی اور ایشا دیول:

ہیما مالنی کو بالی ووڈ کی ڈریم گرل کہا جاتا ہے۔ قریباً 6 دہائیوں سے اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ سیاست میں بھی شناخت بنا چکی ہیں۔ ان کے تعارف کے لیے شعلے کی بسنتی ہی کافی ہے۔ ہیما مالنی فی الحال متھرا سے ایم پی ہیں۔

ان کی بیٹی ایشا دیول 2 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بالی ووڈ میں سرگرم ہیں۔ دھوم، کال، اور نو انٹری جیسی فلموں میں کام کرنے والی ایشا نے گزشتہ سال بالی ووڈ سے وقفہ لینے کے بعد اداکاری کے میدان میں واپسی کی۔ لیکن اب وہ پروڈکشن کے شعبے میں سرگرم ہیں۔

ڈمپل کپاڈیہ اور ٹوئنکل کھنہ:

صرف 16 سال کی عمر میں فلم بوبی سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی ڈمپل کپاڈیہ کو ان کی پہلی ہی فلم کے لیے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ آج بھی بالی ووڈ اور ہالی ووڈ فلموں میں سرگرم ڈمپل نے اپنے کریئر میں ساگر، رودالی اور کرانتی ویر جیسی کئی ہٹ فلمیں کی ہیں۔

ان کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ 90 کی دہائی کی معروف اداکارہ رہ چکی ہیں۔ برسات، جان، انٹرنیشنل کھلاڑی اور بادشاہ جیسی فلموں میں کام کرنے والی ٹوئنکل نے 2001ء میں اکشے کمار سے شادی کے بعد فلموں سے وقفہ لے لیا تھا۔

شرمیلا ٹیگور اور سوہا علی خان:

 

نیشنل فلم ایوارڈ 2 بار اپنے نام کرنے والی شرمیلا ٹیگور نے بھی 16 سال کی عمر سے اداکاری شروع کی تھی اور آج بھی بالی ووڈ میں سرگرم ہیں۔ ان کی پہچان کا بڑا حوالہ فلم امر پریم ہے۔

ان کی بیٹی سوہا علی خان نے رنگ دے بسنتی، صاحب بیوی اور گینگسٹر ریٹرنز سے اپنی علیحدہ شناخت بنائی ہے۔ سوہا فلموں کے ساتھ او ٹی ٹی پر بھی سرگرم ہیں۔

پوجا بیدی اور عالیہ ایف:

کبیر بیدی کی بیٹی پوجا بیدی نے 1991 میں فلم وش کنیا سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے کچھ اور فلموں اور ٹی وی سیریلز میں کام کیا۔

ان کی بیٹی اداکارہ عالیہ ایف نے 2020 میں فلم جوانی جان من سے اپنے کریئر کا آغاز کیا ۔ فلم فریڈی میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔ آئندہ برسوں میں ان کی کئی فلمیں ریلیز ہوں گی۔

ببیتا کپور، کرینہ اور کرشمہ کپور:

اداکار ہری شیوداسانی کی بیٹی ببیتا کپور کو بالی ووڈ میں 1968 میں ریلیز ہونے والی فلم راز سے پہچان ملی۔ اس کے بعد انہوں نے فرض، دس لاکھ، بن پھول، ایک حسینہ 2 دیوانے سمیت کئی فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے 1981 میں رندھیر کپور سے شادی کی۔

ان کی دونوں بیٹیاں کرشمہ کپور اور کرینہ کپور کا شمار بالی ووڈ کی مشہور اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ کرشمہ 90 کی دہائی کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکاراؤں میں سے ایک تھیں۔ وہ انڈسٹری میں قدم جمانے کی دوبارہ کوشش کر رہی ہیں۔ کرینہ کا شمار موجودہ دور کی ٹاپ اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔

تنوجا چندرا، کاجول اور تنیشا مکھرجی

دو فلم فیئر ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ تنوجا چندرا چاند اور سورج، جیول تھیف، جینے کی راہ جیسی کئی فلموں کے لیے جانی جاتی ہیں۔ ان کی دونوں بیٹیاں کاجول اور تنیشا مکھرجی اداکاری کے میدان میں سرگرم ہیں۔
پدم شری یافتہ کاجول موجودہ دور کی سب سے پسندیدہ اور مشہور اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ ان کی چھوٹی بہن تنیشا مکھرجی نے سرکار، ون ٹو تھری اور کوڈ نیم عبدل جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔

شویتا تیواری اور پلک تیواری:

شویتا تیواری ٹی وی اور بالی ووڈ کا جانا پہچانا نام ہے۔ انہوں نے کسی گاڈ فادر کے بغیر انڈسٹری میں اپنا مقام بنایا ہے۔ 42 سالہ شویتا اپنی فٹنس اور دلکش انداز کی وجہ سے آج بھی سوشل میڈیا پر مشہور ہیں۔

ان کی بیٹی پلک تیواری بطور اداکارہ سینما کی دنیا میں اپنے قدم جمانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پلک کا بجلی بجلی میوزک ویڈیو لوگوں نے خوب پسند کیا تھا۔

سری دیوی اور جھانوی کپور:

ہندوستانی سنیما کی پہلی خاتون سپر اسٹار کا خطاب جیتنے والی اداکارہ سری دیوی نے ہندی کے ساتھ جنوبی ہند کی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ نیشنل فلم ایوارڈ اور چار فلم فیئر ایوارڈ جیتنے والی سری دیوی کو آج بھی مسٹر انڈیا، چاندنی، چالباز اور نگینہ جیسی فلموں کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔

ان کی بیٹی جھانوی کپور نے 2018 میں فلم دھڑک سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ آج ان کا شمار بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ جھانوی کی اب تک 6 فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp