92.97 میٹر کا ریکارڈ بنایا، اس سے بھی بہتر تھرو کرسکتا ہوں، ارشد ندیم

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس 2024ء میں جیولین تھرو مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی ارشد ندیم نے کہا ہے کہ انہوں نے 92.97 میٹر کی تھرو کرکے اولمپکس رکارڈ بنایا لیکن وہ اس سے بھی بہتر تھرو پھینک سکتے ہیں۔

پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد نجی چینل سے گفتگو میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا کہ آج میرا دن تھا، میں اس سے زیادہ دور بھی تھرو کرسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپیئن ارشد ندیم پر انعامات کی برسات

انہوں نے کہا کہ میں ردھم میں تھا اور پرامید تھا کہ گولڈ میڈل جیتوں گا۔ اپنی جیت پر خوشی سے سرشار ارشد ندیم نے کہا کہ اب گولڈ میڈل کے ساتھ 14 اگست پر جشن آزادی منائیں گے۔

ارشد ندیم نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں جس نے والدین اور قوم کی دعاؤں کی بدولت انہیں یہ کامیابی عطا کی۔ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور اپنے کوچ عثمان بٹ کے بھی شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کے ساتھ بہت محنت سے کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’میرا بیٹا اینٹیں بناتا تھا’، فائنل سے قبل ارشد ندیم کی والدہ نے کیا بتایا تھا

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹوکیواولمپکس میں محنت کی تھی لیکن میڈل نہ جیت سکے، انجری دورکرنے میں ڈاکٹرعلی شیرباجوہ نے اہم کردار ادا کیا۔

دوسری جانب، ارشد ندیم کے بھائی نے کہا ہے کہ کم وسائل کے باوجود ارشد ندیم نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کے گاؤں میں گراؤنڈ بناکر حکومت ارشد ندیم سے کیا وعدہ پورا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم تاریخ میں رقم، ماضی میں کب کب پاکستان کا جھنڈا سب سے اونچا رہا؟

واضح رہے کہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں92.97 میٹر کی متاثر کن تھرو پھینک کر نہ صرف پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا بلکہ اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

جمعرات کو پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے میں ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 92.97 میٹر تھرو پھینک کرورلڈ ریکارڈ قائم کیا اور پھر فائنل کے دوسرے مرحلے کے آخری راؤنڈ میں 91.79 میٹر لمبی تھرو پھینک کر اپنی کامیابی پر مہر ثبت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp