مریم نواز میڈیا سے کیوں دور ہیں؟

جمعہ 9 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مریم نواز نے 26 فروری کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھایا تھا لیکن اس کے بعد سے انہوں نے صرف ایک ہی پریس کانفرنس کی ہے جو رمضان پیکج کے حوالے سے تھی۔

وہ پریس کانفرنس وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں ہوئی تھی جس کے بعد سے اب تک مریم نواز نے میڈیا سے کوئی ملاقات نہیں کی ہے۔

پنجاب میں مریم نواز کی حکومت  کو بنے 6 ماہ  سے زائد عرصہ ہوچکا ہے اور حکومتی ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ اپنی مصروفیات کی وجہ سے میڈیا سے نہیں مل پا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سولر پینل فنانسنگ اسکیم کو آسان تر بنایا جائے، مریم نواز کے احکامات

ذرائع بتاتے ہیں کہ مریم نواز صبح 9 بجے سے میٹنگیز کی شروعات کرتی ہیں جس کا پہلا ایجنڈا مہنگائی ہوتا ہے اور وہ اس دوران اشیا خورونوش کی قمیتوں کا جائزہ بھی لیتی ہیں۔ دوسری میٹنگ  وہ سولر سٹم لگانے کے حوالے سے کرتی ہیں جبکہ تیسری میٹنگ صحت اور تعلیم پر ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب بغیر پروٹوکول کے ماڈل بازار، اسکول، اسپتال اور پولیس اسٹیشنز کے دورے بھی کرتی ہیں ۔

میڈیا کو مختلف ایونٹس پر بلایا گیا ہے

پنجاب حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیا کے نمائندوں کو بہت سارے ایونٹس پر مدعو کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ اسپتال کا افتتاح کیا تو وہاں بھی میڈیا کو بلایا گیا تھا اور اسی طرح ایک گورنمنٹ کالج میں ہونے والے پروگرام پر میڈیا کو دعوت نامے بھجے گئے۔ اسی طرح ٹاؤن شپ ماڈل بازار کا دورہ، مریم کی دستک جیسے پروگرام میں میڈیا کو بلایا گیا ہے لیکن باقاعدہ کسی موضوع پر پریس کانفرنس کے لیے ابھی میڈیا کو نہیں بلایا گیا جس کی وجہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی بے پناہ مصروفیت ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز جلد ایک پریس کانفرنس کے ذریعے میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات بات چیت کریں گی۔

اپوزیشن کے وقت مریم نواز میڈیا سے رابطے میں رہتی تھیں

اے آر وائی کے سینیئر رپوٹر الفت مغل جو کافی عرصے سے مسلم لیگ ن کو کور کر رہے ہیں کا کہنا ہے کہ جب مسلم لیگ ن اپوزیشن میں تھی اس وقت مریم نواز کا میڈیا سے رویہ  بہتر تھا اور سیاسی اور معاشی مسائل پر پریس کانفرنسز بھی ہوا کرتی تھیں۔

مزید پڑھیے: آٹے کے نرخ ناجائز طور پر بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف

الفت مغل نے کہا کہ اپوزیشن میں ہم مسلم لیگ ن کو بہت پیارے تھے لیکن جیسے ہی مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی اس کا میڈیا سے رویہ بہتر نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو بنے تقریباً 6 ماہ ہوچکے ہیں اور مریم نواز نے سوائے ایک پریس کانفرنس کے میڈیا نمائندوں سے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹ رپوٹرز اس وقت ان کی آواز بنے جب عدالتوں کے باہر ن لیگ کے رہنما میڈیا ٹاک کیا کرتے تھے اور پولیس اونچی آواز میں سائرن بجاتی تھی تاکہ رپوٹرز کو لیگی رہنماؤں کی آواز نہ سمجھ آسکے لیکن اب وزیر اعلیٰ پنجاب کے قریبی ساتھی انہیں میڈیا سے بات کرنے سے روکتے ہیں۔

مریم نواز سوشل میڈیا پر متحرک لیکن مین اسٹریم میڈیا سے دور

ڈان نیوز کے  رپورٹرعدنان شیخ کا اس بارے میں کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا اس وقت میڈیا سے  غیر مناسب رویہ ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں ایسا نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے سربراہ نے اپنے لیگی ہم منصب کو کیا مشورہ دیا؟

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی خواہ اپوزیشن میں ہوں یا اقتدار میں ان کا رویہ میڈیا کے ساتھ بہتر رہتا ہے۔

عدنان شیخ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مریم نواز متحرک ہیں لیکن مین اسٹریم میڈیا کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp