سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں، ان کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر ملک میں سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔
کوٹ لکھپت جیل لاہور میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ’40 سال سے سیاست کررہا ہوں، 39 سال تک میرے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، لیکن میرے خلاف اب ایک سال میں ہی درجنوں مقدمات درج ہوگئے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں: سیاسی معاملات میں حکومت کے قول و فعل میں تضاد افسوسناک ہے، شاہ محمود قریشی
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کسی کو برا لگے یا اچھا لگے بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک سیاسی حقیقت ہیں، سابق وزیر اعظم کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیے بغیر سیاسی استحکام نہیں آسکتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کے ساتھ جو ہوا، وہ ظلم تھا، اکبر بگٹی اینٹی پاکستان نہیں تھا، ایک دوسرے کو غدار، غدار کہنا بند ہونا چاہیے، 75 سالوں سے غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سائفر کیس میں سزا: الیکشن کمیشن نے شاہ محمود قریشی کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دیدیا
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ محمود اچکزئی جمہوری سوچ رکھنے والے شخص ہیں، جمہوری اور آئینی سوچ رکھنے والا شخص غدار نہیں ہوسکتا، بلوچستان میں امن کا راستہ مذاکرات سے ہو کر گزرتا ہے۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔