سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینیئر ترین جج جسٹس منصورعلی شاہ چیمبر ورک پر چلے گئے جہاں وہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ تحریر کریں گے۔
ہفتہ کے روز ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینیئر ترین جج جسٹس منصورعلی شاہ چیمبر ورک پر چلے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس منصورعلی شاہ 31 اگست تک چیمبرورک کریں گے، اس دوران وہ مخصوص نشتوں کا تفصیلی فیصلہ تحریرکریں گے۔جسٹس منصورعلی شاہ کی 2 ستمبرکو چیمبر ورک سے کورٹ میں واپسی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: زیرالتوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ، لا اینڈ جسٹس کمیشن نے اعدادوشمار جاری کردیے
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ جسٹس منصورعلی شاہ کا چیمبر ورک کے بعد چھٹیوں پرجانے کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بطور چیئرمین لا اینڈ جسٹس کمیشن تنازعات کے متبادل حل کے لیے کمیٹی اور ٹاسک فورس از سر نو تشکیل دے دی تھی۔
لا اینڈ جسٹس کمیشن 22 جولائی کے نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ ٹاسک فورس کے رکن نہیں رہے۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی ممبران میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید بھی شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:لا اینڈ جسٹس کمیشن کا نوٹیفکیشن منظرعام پر، جسٹس منصور علی شاہ ٹاسک فورس کے رکن نہیں رہے
کمیٹی کی معاونت کے لیے تنازعات کے متبادل حل کے لیے نئی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی جس کی معاونت کمیٹی کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ہاشم کاکڑ اور سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس یوسف علی سید ، اسلام آباد سے جسٹس میاں گل حسن، لاہور سے جسٹس جواد حسن اور پشاور سے جسٹس عتیق شاہ ٹاسک فورس کے اراکین ہوں گے۔
ڈسڑکٹ اینڈ سیشن ججز سے صدف کھوکھر، عظمیٰ فرناز،شبانہ محسود، شمس الدین سپرا اور سول جج صنم بخاری بھی ٹاسک فورس کے ممبر ہوں گے۔