سولر پینل کی قیمتوں میں مزید کمی: اب یہ سسٹم لگوانے پر آپ کا کتنا خرچہ ہوگا؟

ہفتہ 10 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں سولر پینلز کی قیمتوں میں مزید کمی ہو چکی ہے اور فی واٹ سولر پینلز کا ریٹ مزید 30 سے 32 روپے تک گر گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مفت سولر سسٹم کے حصول کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ کار کیا ہے؟

واضح رہے کہ پاکستان میں سولر پینل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ رواں برس کے آغاز سے ہی ہو چکا تھا۔

پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ہر خاص و عام بجلی کے زائد بلوں سے پریشان ہے لیکن اس مہنگائی کے دور میں بلاشبہ یہ خبر ان تمام افراد کے لیے کسی خوشخبری سے کم نہیں ہوگی جو کافی عرصے سے سولر پینل لگوانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن مہنگائی کی وجہ سے ان کے لیے وہ ممکن نہیں ہوپارہا تھا۔

سولر پینل ڈیلرز کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں لیتھیئم بیٹری کے ریٹ ایک سال میں 50 فیصد  تک گر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مئی میں بھی سولر پینل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی گئی تھی اور اب ایک بار پھر سولر سسٹم کی قیمتوں میں کمی ہوچکی ہے۔

مزید پڑھیے: اب صرف 7 ہزار روپے میں پورے گھر کا سولر سسٹم ممکن، مگر کیسے؟

گزشتہ برس سولر پینل فی واٹ قیمت 120 روپے تھی جو جنوری 2024 میں کم ہو کر تقریباً 55 روپے ہوگئی تھی اور پھر مئی میں 25 فیصد کمی کے ساتھ فی واٹ قیمت 36 روپے ہوئی جو اب مزید کمی کے بعد فی واٹ 30 سے 32 روپے پر آچکی ہے۔ اس طرح گزشتہ برس کے مقابلے میں فی واٹ کی کمی تقریباً چوتھائی ہوچکی ہے۔

سولر سسٹم کی قیمتوں میں کمی کی وجہ

نور بادشاہ تقریباً 8 برس سے سولر پینل کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ انہوں نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سولر پینل کا اصل ریٹ یہی تھا جو اس وقت کم ہو چکا ہے کیونکہ اس سے قبل جو ریٹ اوپر گئے تھے وہ مصنوعی طور پر بڑھائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ امپورٹ پر پابندیاں تھیں، سامان پورٹ پر رکا ہوا تھا اور بینکس بھی پیسے نہیں دے رہے تھے جس کی وجہ سے ملک میں شارٹیج ہوئی اور قیمتں بیت زیادہ بڑھ گئیں۔

نور بادشاہ نے کہا کہ اس کے علاوہ عالمی سطح پر بھی سولر سسٹم کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ بجٹ تقریر میں بھی حکومت کی جانب سے سولر پینل، بیٹریز، انورٹرز اور خام مال کی درآمد پررعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

کتنے کلو واٹ سسٹم پر کتنا خرچہ؟

نور بادشاہ نے بتایا کہ قیمتوں میں کمی کے بعد 3 کلو واٹ ہائبرڈ سولر سسٹم تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار روپے تک لگوایا جاسکتا ہے جبکہ آن گرڈ سسٹم کی تنصیب تقریبا 2 لاکھ روپے میں ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سسٹم کی مدد سے ایک فریج، ایک ٹن کا انورٹر اے سی، 2 پنکھے اور 4 لائٹس چل سکتی ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا اب 30ہزار روپے کمانے والے بھی سولر سسٹم لگا سکیں گے؟

مزید پاور فل سسٹم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص 5 کلو واٹ ہائبرڈ سولر پینل سسٹم لگوانا چاہتا ہے تو اس کی لاگت تقریباً 7 لاکھ روپے آئی گی جس سے 2 فریج، 4 پنکھے، 8 لائٹس، 2  اے سی چل سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آن گرڈ سسٹم پر تقریبا 3 لاکھ 45 ہزار لاگت آئی گی۔

اسی طرح اگر کوئی شخص 8 کلو واٹ ہائبرڈ سسٹم نصب کروانے چاہتا ہے تو اس پر تقریباً 8 سے 9 لاکھ روپے کے درمیان خرچہ آئے گا جس سے 3 فریج، 8 پنکھے، 15 لائٹس اور 3  سے 4 سے چل سکتے ہیں نور بادشاہ نے کہا کہ اگر آن گرڈ سسٹم ہو تو اس کا خرچہ تقریباً 5 سے ساڑھے 5 لاکھ روپے کے درمیان آئے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp