گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ابھی سے اولمپکس 2028 پر نظریں جمالیں

اتوار 11 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ پاکستانی ہیرو ارشد ندیم نے ابھی سے اولمپکس 2028 پر نظریں جما لی ہیں، کہا کہ وہ اولمپکس 2028 کی بھرپور تیاری کریں گے اور مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم قافلے کی صورت میں میاں چنوں میں اپنے آبائی گھر پہنچ گئے، میاں چنوں پہنچنے پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

گھر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا ہے کہ وہ قوم کی جانب سے عزت اور پیار ملنے پر بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ ’شاندار استقبال پر حکومت اور عوام کا مشکور ہوں، جیسے مجھے سب عزت دے رہے ہیں بہت خوشی ہورہی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کا استقبالی جلوس 13 گھنٹوں بعد میاں چنوں پہنچ گیا

ارشد ندیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اولمپکس 2028 کی بھرپور تیاری کریں گے اور مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔

اس موقع پر قومی ہیرو نے کہا کہ بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا بھی بھائیوں کی طرح اور دوست ہے، جس ایتھلیٹ نے جتنی محنت کی، اللہ نے اس کا پھل اسے دیا۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے ہیرو ارشد ندیم اپنے آبائی گاؤں میاں چنوں پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کے استاد کی جانب سے انہیں استقبالیہ دیا گیا، جس کے بعد وہ چیک 101 میں واقع اپنے گھر پہنچ گئے ہیں، گھر پہنچنے پر ارشد ندیم کی والدہ نے ان کو گلے لگایا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف مصنف کا ارشد ندیم کی زندگی پر کتاب لکھنے اور فلم بنانے کا اعلان

پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنے والے اور 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم ہفتے کی رات وطن واپس پہنچے تھے، ان کے جہاز نے رات ایک بج کر 20 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔

لاہور ایئرپورٹ آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا گیا، ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے پاکستان کی حدود میں طیارہ داخل ہونے پر خوش آمدید کہا گیا، طیارے کو خصوصی واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا، لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر یادگاری ٹکٹ کا اجرا

ارشد ندیم کو اسپیشل بس پر لاہور کی سیر بھی کروائی گئی جس کے بعد وہ نماز فجر کی ادائیگی کے لیے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز بھی گئے، جہاں انہوں نے ایک گھنٹہ قیام کیا، اس اہم کامیابی پر ارشد ندیم سجدہ ریز ہو کر اللہ کا شکر ادا کرتے بھی دکھائی دیے۔

رائیونڈ مرکز میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد وہ اپنے آبائی گاؤں میاں چنوں قافلے کی صورت میں روانہ ہوئے تھے، راستے میں جگہ جگہ ان کا استقبال کیا گیا، علاقے کے داخلی دروازوں پر خوش آمدید ارشد ندیم کے بینرز آویزاں کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: فخر پاکستان ارشد ندیم کی انعامی رقم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار

ارشد ندیم کے جہاز نے رات ایک بج کر 20 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تھا، تاہم وہ تقریبا 2 بجکر 20 منٹ پر میاں چنوں میں اپنے آبائی گھرپہنچے ہیں، لاہور سے میاں چنوں کا فاصلہ تقریبا 4 گھنٹے کا ہے، لیکن ارشد ندیم جلوس کی شکل میں لاہور سے میاں چنوں روانہ ہوئے۔

راستے میں جگہ جگہ ارشد ندیم کے استقبال کے لیے کیمپس لگائے گئے تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے 4 گھنٹوں کا فاصلہ تقریبا 13 گھنٹوں میں طے کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp