اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کی بے مثال خدمات، تحفظ کے لیے جتنے اقدامات کریں کم ہوں گے، وزیراعظم
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 77 سال پہلے 11 اگست کو پاکستان کی پہلی اسمبلی سے قائداعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ آزاد ہیں۔
قرارداد کے متن میں درج ہے کہ قائداعظم نے 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دیا اور کہاکہ اقلیتیں اپنے مندروں، گرجا گھروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔
قرارداد کے مطابق پاکستان کی تخلیق و ترقی کے لیے اقلیتوں کی خدمات کو قائداعظم نے بھرپور سراہا، پاکستان کا پہلا وزیر قانون جوگندرا ناتھ منڈل کو بنانا، اے آر کار نیلئس کو پہلا چیف جسٹس بنانا اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں اقلیتوں پر مظالم، بھارت کو خاص تشویش کا ملک قرار دینے کا مطالبہ سامنے آگیا
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی پہلی اسپیکر بھی ایک خاتون اقلیتی رکن صفیہ پرکاش سنگھا کو بنایا گیا۔ جبکہ پاکستان کے آئین میں یہ کہاگیا ہے کہ تمام لوگ برابر ہیں اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے دستور میں مختلف آرٹیکلز رکھے گئے ہیں۔
پنجاب حکومت نے اقلیتوں کے لیے فنڈز میں 188 فیصد اضافہ کردیا، رمیش سنگھ اروڑا
ایوان میں خطاب کرتے ہوئے اقلیتی رکن رمیش سنگھ اروڑا نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے اقلیتوں کےاحساس محرومی کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مریم نواز نے کہا اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں، اس لیے خصوصی اجلاس بلایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ جب سے مجھے وزارت ملی تو اقلیت کے فنڈز میں 188 فیصد اضافہ ہوگیا، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکر گزار ہوں۔
پاکستان کی ترقی میں سب سے زیادہ کردار اقلیتوں نے ادا کیا، رانا آفتاب
اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقلیتوں کا دن برداشت، صبر اور حب الوطنی کے اظہار کا دن ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی میں سب سے زیادہ کردار اقلیتوں نے ادا کیا۔ پاکستان صرف علیحدہ رہنے کےلیے نہیں بنایا گیا بلکہ یہ پوری دنیا میں مثال قائم کرنے کے لیے بنایا گیا۔
رانا آفتاب نے کہاکہ عیسائی برادری نے نیوی، آرمی اور ایئر فورس میں پاکستان کے لیے قابل قدر خدمات سر انجام دیں، ہمیں ان لوگوں کا قلع قمع کرنا ہوگا جو انتشار پھیلاتے ہیں۔