پنجاب اسمبلی نے قومی ہیرواورپیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اسمبلی میں پیش کی گئی تہنیتی اورانہیں ہیرو قراردیے جانے کی قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی گئی ہے، اسمبلی نے فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظورکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر یادگاری ٹکٹ کا اجرا
اتوار کو رکن اسمبلی سمیع اللہ خان نے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قرار اسمبلی اجلاس میں پیش کی، جس میں کہا گیا کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان اولمپک مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے اور اولمپک ریکارڈ قائم کرنے پرارشد ندیم کو مبارکباد اور زبر دست خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کا استقبالی جلوس 13 گھنٹوں بعد میاں چنوں پہنچ گیا
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ارشد ندیم، اولمپکس میں انفرادی طور پرگولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے اپنے اس کارنامے سے پوری پاکستانی قوم کا سرفخرسے بلند کر دیا ہے اورعالمی برادری میں پاکستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ ارشد ندیم کا پنجاب کے ایک چھوٹے سے شہرمیاں چنوں سےعالمی سٹیج تک کا سفرلگن اور استقامت کی ایک متاثر کن کہانی ہے۔ ارشد ندیم نے ثابت کر دیا کہ وسائل یا سہولیات کی کمی کامیابی کی راہ کی رکاوٹ نہیں ہیں بلکہ محنت، عزم اورجذبہ ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اس طرح وہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل بھی بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف مصنف کا ارشد ندیم کی زندگی پر کتاب لکھنے اور فلم بنانے کا اعلان
قرار داد کے مطابق ارشد ندیم اس سے پہلے بھیایشین گیمزٹوکیواولمپکس مکامن ویلتھ گیمزاورورلڈ اتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اورمیڈلز جیت چکے ہیں۔ یہ ایوان ارشد ندیم کواس تاریخ سازکامیابی پرمبارکباد پیش کرتا ہے اورحکومت سے سفارش کرتا ہے کہ انہیں قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے۔ اسپیکر اسمبلی نے سمیع اللہ خان کی پیش کی گئی قرارداد متفقہ طورپرمنظورکرلی۔
فلسطین پر اسرائیلی مظالم کی مذمتی قرارداد منظور
حکومتی رکن اسمبلی امجد علی جاوید کی جانب سے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد بھی اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی جس میں فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے توسیع منصوبے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
اتوار کو حکومتی رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد کا مسودہ انگریزی کے علاوہ اردومیں بھی پیش کرنے کی استدعا کی گئی جس پر اسپیکرصوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان نے رولنگ دی کہ آئندہ جب بھی پنجاب اسمبلی کااجلاس ہوتوانگریزی کے ساتھ ساتھ اردومیں بھی مسودہ پیش کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت غیرمعمولی سانحہ، عالمی برادری کو ایکشن لینا چاہیے، اسحاق ڈار
فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مذمتی قرارداد کے مسودے میں کہا گیاہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی بھر پورمذمت کرتا ہے اوراسے علاقے میں گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری اسرائیلی بربریت اور ظلم کا تسلسل قراردیتا ہے۔
مسودہ قرار داد میں کہا گیا کہ یہ معززایوان معصوم بے گناہ اور نہتے فلسطینی عوام کے بہیمانہ قتل عام کی مذمت کرتا ہے اور اسے ایسا بد ترین انسانی المیہ قراردیتا ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل سنگین جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔ یہ ایوان مظلوم فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے اور ان حملوں کی آڑمیں اسرائیل کے توسیعی منصوبے کو مسترد کرتا ہے۔
مسودہ قرارداد میں کہا گیا کہ ’یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں پراسرائیلی حملوں کو فی الفورروکا جائے اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔ زخمی اور بیمار فلسطینی عوام تک عالمی امداد پہنچنے دی جائے۔
مزید پڑھیں:اسرائیلی جارحیت: پاکستان میں بائیکاٹ مہم کتنی مؤثر ثابت ہوئی؟
قرارداد میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ سلامتی کونسل امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ یہ ایوان پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطین کی سیاسی اوراخلاقی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
مسودہ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان اسلامی جمہوریہ ایران میں اسرائیل کی جانب سے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو شہید کیے جانے کی بھی بھرپورمذمت کرتا ہےاوراسے بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی اوردہشتگردی قراردیتا ہے۔
یہ ایوان شہید اسماعیل ہنیہ کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ شہید کواپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اوران کے لواحقین کوصبرجمیل عطا فرمائے۔ آمین