قومی اسمبلی اراکین کو ایک ماہ میں تنخواہ اور دیگر الاؤنسز کی مد میں کتنے کروڑ روپے ادا کیے گئے؟

پیر 12 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں حکومتی عہدیداروں کی شاہ خرچیوں کا ہمیشہ سے چرچا رہا ہے تاہم ارکانِ قومی اسمبلی دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ ان کی تنخواہ انتہائی کم ہے اور اس سے اچھی تنخواہ مناسب سی نوکری کرنے والے وصول کرتے ہیں، تاہم گزشتہ ماہ جولائی میں قومی اسمبلی اراکین کی جانب سے وصول کی جانے والی تنخواہ اور الاؤنس کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ارکان اسمبلی کو تنخواہ کے علاوہ بھی خطیر رقم دیگر الاؤنسز کی مد میں دی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدر، وزیراعظم سمیت حکومتی عہدیداران اور چیف جسٹس کو ماہانہ کتنی تنخواہ دی جاتی ہے؟

ارکان قومی اسمبلی کو گزشتہ ماہ جولائی میں 4 کروڑ 35 لاکھ روپے بنیادی تنخواہ کی مد میں ادا کیے گئے تاہم اس سے کئی گنا زیادہ رقم یعنی مجموعی طور پر 11 کروڑ 54 لاکھ روپے ٹریولنگ الاؤنس کی مد میں ادا کیے گئے، اس کے علاوہ 6 لاکھ 93 ہزار روپے اعزازی تنخواہ، 29 لاکھ روپے ٹیلی کمیونیکیشن الاؤنس، 43 لاکھ 53 ہزار روپے ایڈہاک ریلیف الاؤنس جبکہ 23 لاکھ روپے دیگر الاؤنسز کی مد میں ادا کیے گئے ہیں۔

مجموعی طور پر قومی اسمبلی اراکین کو ایک ماہ میں 17 کروڑ 7 لاکھ روپے تنخواہوں اور الاؤنسز کی مد میں ادا کیے گئے ہیں۔

اراکینِ قومی اسمبلی کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں آخری مرتبہ جولائی 2021 میں اضافہ کیا گیا تھا، اس وقت قومی اسمبلی کے ہر رکن کو ماہانہ تنخواہ ایک لاکھ 50 ہزار روپے، ٹیلیفون الاؤنس 10 ہزار روپے، آفس مینٹیننس الاؤنس 8 ہزار روپے سمیت دیگر الاؤنسز کی مد میں 5 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس کی ماہانہ تنخواہ وزیراعظم کی تنخواہ سے 750 فیصد زائد ہے

قومی اسمبلی اورمتعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے بھی ارکان کو اجلاس سے 3 روز قبل اور 3 روز بعد تک سفری اور یومیہ الاؤنس دیے جاتے ہیں، جس میں یومیہ خصوصی الاؤنس 4 ہزار 800 روپے، یومیہ عام الاؤنس 2 ہزار 800 روپے، یومیہ کنوینس الاؤنس 2 ہزار روپے اور یومیہ ہاؤسنگ الاؤنس 2 ہزار روپے شامل ہیں۔

اراکینِ قومی اسمبلی کو اس کے علاوہ سالانہ 25 بزنس کلاس کے ریٹرن ایئر ٹکٹ سمیت 3 لاکھ روپے کے ٹریول واؤچرز بھی دیے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp