عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے پاس کچھ نہیں اور نہ ان کی کوئی سنتا ہے، شہباز شریف لیٹ چکے ہیں مگر نواز شریف کسی کو ایکسٹیشن نہیں دیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’میری گزارش ان لوگوں سے ہے جن کے ساتھ میرا جنم جنم کا رشتہ تھا، میری آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اپیل ہے کہ عام معافی کا اعلان کیا جائے۔‘
یہ بھی پڑھیں: ناشتہ ریڑھی پر کرتا ہوں پھر بھی گیس کا بل لاکھ روپے آیا، شیخ رشید احمد
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں جتنے لوگ جیتے ہیں وہ سب باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت جیتے ہیں، میرے ووٹ کم کردیے گئے مگر میں اپنی شکست تسلیم کرتا ہوں۔
’20 ستمبر تک ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت آسکتی ہے‘
شیخ رشید نے کہا کہ وہ 31 اگست سے دوبارہ سیاست میں فعال ہورہے ہیں کیونکہ یہ دن بہت اہم ہے، حکومت اپنا سامان باندھ رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا 20 ستمبر تک ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت آسکتی ہے مگر جو ہونے جارہا ہے وہ بہت برا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تھک گئے ہیں کیسز سے، بہتر ہے سزا دے کر ہماری جان چھوڑیں، شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ 2 سال ہوگئے ہیں، میرے خلاف 14 مقدمات ہیں جن کے تاحال چالان نہیں ملے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے 10 لاکھ روپے لے کر 9 مئی کے مقدمات میں نام ڈالے، جو 4 دن جیلوں میں نہیں رہے انہوں نے 164 کے بیان دیے۔