پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکمران اتحاد کی جانب سے فل کورٹ کا راگ صرف انتخابات سے بچنے کے لیے الاپا جارہا ہے اور عدالتوں سے مفرور نوازشریف کی جانب سے یہ مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری تحریک انصاف کو چند ماہ بعد برسراقتدار آنے والی پارٹی کے طور پر دیکھ رہی ہے اور امریکا میں بھی عمران خان کی غیر معمولی مقبولیت اور دوبارہ وزیراعظم بننے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
ہفتہ کے روز میاں محمود الرشید ، راجہ محمد بشارت ، عبداللہ یوسف اور دیگر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان کی استقامت سے سازشی عناصر میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ نوازشریف کی جانب سے فل کورٹ کے مطالبے کے بعد بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے،جھوٹ بول کر جیل سے فررا ہونے والا کس منہ سے عدلیہ کو بھاشن دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ سپریم کورٹ کی خلاف سازش کی ڈوریاں لندن سے ہلائی جا رہی ہیں ، اگر عدالت عظمیٰ کا حکم ماننے سے انکار کیا گیا تو شہبازشریف توہین عدالت کے جرم میں نااہل ہوں گے اور جیل بھی جائیں گے۔
پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور عالمی برادری بھی جان چکی ہے کہ شہبازشریف کی حکومت کمزور بیساکھیوں پر کھڑی ہے۔